موجودہ ہنگامی صورتحال کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر شدید تحفظات ہیں /مولانا عبدالاکبر چترالی

اشتہارات

چترال(محکم الدین)چترال سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا ہے کہ منتخب نمائندگان کیساتھ مشاورت کے بغیر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے موجودہ ہنگامی صورتحال کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں جوکہ ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ ہفتے کے روز جماعت اسلامی چترال کے دیگر رہنماؤں خان حیات اللہ خان تحصیل امیر چترال، فضل ربی جان جنرل سیکرٹری اور صدر جے آئی یوتھ وجیہ الدین کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا چترالی نے کہا کہ کرونا وائرس کے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے چترال انتظامیہ کے فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں، ڈپٹی کمشنر چترال جو بھی ضلعی نوعیت کے اہم فیصلے کرتے ہیں اس میں منتخب ممبران اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا جاتاجس کی وجہ سے خود انہیں اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں ناکامی ہوتی ہے۔ اگر فیصلے باہمی مشاورت سے کئے جاتے تو چترال کے لوگ لواری ٹنل کے کھلنے اور نہ کھلنے کے تذبذب کا شکار نہ ہوتے اور لوگوں کو کئی گھنٹوں لواری ٹنل انتظار نہ کرنا پڑ تا۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر چترال، ڈی پی او چترال سے پوچھتا ہوں کہ انہیں یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ منتخب نمائندگان کو اعتماد میں لئے بغیر لواری ٹنل کو بند کرنے کے احکامات دیں۔ مولانا نے کہا کہ فوری طور پر ہائی لیول کا اجلاس بلاکر تمام منتخب نمائندگان، اداروں کے سربراہان اور سیاسی قائدین سے مشاورت کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا بصورت دیگر بہت زیادہ مسائل کھڑے ہوں گے جنہیں حل کرنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں باہر سے آنے والے مسافروں اور ہسپتالوں میں مشتبہ مریضوں کی نگہداشت کے وقت ڈاکٹروں اور سٹاف کیلئے حفاظتی لباس اور دیگر سامان نہیں، ایسے میں ڈاکٹروں اور سٹاف کو وائرس سے خود کو بچانا بھی نہایت مشکل کام ہے۔ اس لئے حکومت کو چاہئیے کہ اس حوالے سے انتظامات اور سامان کی فراہمی کیلئے فوری طور پر لوئر چترال کیلئے پانچ کروڑ اور اپر چترال کیلئے چار کروڑ روپے فنڈ مہیا کرے۔ انہوں نے چترال آنے والے مسافروں سے معذرت کی جنہیں گذشتہ روز لواری ٹنل پر چترال آتے ہوئے کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے پاس مسافروں کا ڈیٹا حاصل کرنے اور سکریننگ کا کوئی سسٹم نہیں ہے، خواہ مخوا لوگوں کو لواری ٹنل پر روکنا مصیبت میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ مولانا چترالی نے کہاکہ اسلام ہمیں ایسے موقع پر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہونے اور رحم کرم طلب کرنے کا درس دیتا ہے جبکہ رسول پاک ؐنے وبا کی صورت میں علاقہ چھوڑنے سے منع فرمایا ہے۔