محکمہ آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے اہلکاروں نے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا

اشتہارات

چترال(محکم الدین)اَڈیٹرایسوسی ایشن خیبر پختونخوا سب کمیٹی چترال کے زیر انتطام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس چترال کے ملازمین نے منگل کے روز دو گھنٹے کی قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں اکاؤ نٹس کے تمام اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اَڈیٹر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا سب کمیٹی چترال کے چیئرمین عبدالقادر، جنرل سیکرٹری محمد علی بیگ، فنانس سیکرٹری فضل حق اور ایگزیکٹیو باڈی کے ممبران معراج احمد اور احمد حفیظ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آڈیٹر اینڈ اکاؤٹس کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک رکھا گیا ہے جس کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اَڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے ملازمین تنخواہوں اور دیگر حکومتی مراعات کے سلسلے میں غیر منصفانہ اور امتیازی سلوک کا شکار ہیں اور ہمیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، ہمارے مطالبات پر کوئی غور نہیں کیا جاتا جسکی وجہ سے ملازمین میں نے چینی پھیلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں ہوشربا مہنگائی سے تمام ملازمین متاثر ہیں لیکن حکومت مراعات،عنایات اور نوازشات کی بارش چند مخصوص محکموں پر کر رہی ہے جبکہ اڈیٹرکی ذمہ داریاں اور کام اُن سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اَڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات کو ایف بی آر، جوڈیشری، ایف آئی اے، نیب، قومی اسمبلی، سینٹ وغیرہ کے تنخواہوں کے برابر لایا جائے اور اَڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے ملازمین میں پائی جانے والی احساس محرومی، ہیجانی کیفیت اور اضطراب کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی اور امتیازی سلوک اسی طرح جاری رہا تو وہ اپنے صوبائی قیادت کے احکامات کے مطابق ہر قسم کے احتجاج پر مجبور ہوں گے جس میں مطالبات کی منظوری تک قلم چھوڑ اور دفاتر کی تالا بندی بھی کی جاسکتی ہے جس سے اداروں اور عوام دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔