سال رفتہ کے دوران چترال پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیر ا تنگ رکھا، تین سوسے زائد مقدمات درج کئے گئے

اشتہارات

چترال(پ،ر) سال رفتہ (2019) کے دوران منشیات کے خلاف چترال پولیس نے منشیات کے خلاف موثرکاروائی کی جسکے نتیجے میں 310مقدمے درج کرکے 346ملزمان گرفتار کئے گئے۔ چترال پولیس کی طرف سے جاری کئے گئے پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ گذشتہ سال منشیات کے خلاف پولیس کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے 587.194 کلو گرام چرس، 11.66کلو گرام افیون، 557لیٹر شراب اور 14 گرام ہیروئن برآمد کر لیے گئے۔ منشیات کے خلاف کاروائیوں کے حوالے سے ڈی پی او چترال وسیم ریاض نے کہا ہے کہ چترال پولیس منشیات کے خلاف کاروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کریگی اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جائینگے اور چترال کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات سے منسلک افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یا تو وہ منشیات کا کاروبار ترک کردیں یا پھر خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال پولیس اس خوبصورت اور پر امن ضلعے کو منشیات سے پاک کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور اس ضمن میں کاروائیوں کو مزید تیز کیا جائیگا۔پولیس کے پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ سال 2019 کی مجموعی کارکردگی دیگر سالوں کے مقابلے میں کئی گنا بہتر رہی۔