اپر چترال میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو 25جنوری سے احتجاجی تحریک شروع کرینگے/تحریک حقوق عوام

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)تحریک حقوق عوام نے اپر چترال میں بجلی کی ناروا اور طویل لوڈ شیڈنگ کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں 25جنوری سے عوام سڑکوں پر نکل آئینگے۔ بجلی کے حالیہ بحران کے حوالے سے تحریک حقوق عوام کا ایک اہم مشاورتی اجلاس سابق تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف کی صدارت میں بونی میں منعقد ہوا جس میں تینوں تحصیلوں سے عوامی نمائندگان نے شرکت کیں۔ تحریک کے جنرل سیکرٹری محمد پرویز لال نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ آجکا اجلاس ایک نکاتی ایجنڈے یعنی بجلی کے بحران کے حوالے سے ہے لہذا تمام شرکاء اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کریں۔

شرکاء اجلاس نے اس امر پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا کہ اپر چترال میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، ایک طرف شدید سردی اور برفباری کی وجہ سے گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی، متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ کے کردار کو بے حسی قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شرکاء اجلاس نے کہا کہ عوامی نمائندگان مشکل کے وقت عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ دیتے ہیں، اسمبلی یا سوشل میڈیا میں ایک بیان داغ کر خود کو بری الذمہ قرار دینے کی روش افسوسناک ہے اور عوام اسے تسلیم نہیں کرتے۔ مقررین نے کہا کہ عوام کو مسائل کے حل سے سروکار ہے اور اگر عوامی نمائندگان کی بات حکومت نہیں سنتی تو پھر سوشل میڈیا میں بیان بازی کرنے کے بجائے واپس عوام کے پاس آکر انہیں اپنے اعتماد میں لیکر عوامی طاقت سے احتجاجی تحریک چلائیں۔ اجلاس میں مذکورکردہ قرارد اد کے ذریعے عوامی نمائندگان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کو خبردار کیا گیا کہ 25جنوری تک اگر اپر چترال میں بجلی کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو پھر عوام کو لیکر سڑکوں پر نکل آئیں گے اور اسوقت جو بھی حالات ہونگے انکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
بعدازاں شرکاء اجلاس نے مولانا محمد یوسف کی قیادت میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر چترال عرفان الدین سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں عوامی مشکلات اور اضطراب سے آگاہ کیا۔ اے ڈی سی اپر چترال نے شرکاء اجلاس کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے 24جنوری کو ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا جس میں محکمہ پیڈو، ضلعی انتظامیہ اور عوامی کمیٹی کے لوگ شریک ہونگے تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ شرکاء اجلاس نے اے ڈی سی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کے لئے 25جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔