دروش ہسپتال میں تعیناتی کے باوجود لیڈی ڈاکٹروں نے چارج نہیں لی

اشتہارات

دروش(نامہ نگار)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش میں لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی کے باوجود ابھی تک مذکورہ لیڈی ڈاکٹروں نے چارج نہیں سنبھال لی ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق مذکورہ لیڈی ڈاکٹرز سیاسی اثرورسوخ کی بنیاد پر اپنا تبادلہ منسوخ کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور انہی کوششو ں کی بنیاد پر وہ ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش آکر چارج سنبھالنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی ہیں۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق ان لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی منسوخ ہونے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ انہیں مضبوط سیاسی پشت پناہی حاصل ہے۔
ٹی ایچ کیو ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی کی صدا ایوان بالا(سینیٹ)میں بھی سنائی دی تھی جب جے یو آئی کے سنیٹر مولانا عطاء الرحمن نے یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا جس پرچیئرمین سینیٹ کی طرف سے خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا کہ ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر ز کی تعیناتی کی جائے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار دروش ہسپتال کیلئے لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی کی گئی مگر چند ہی دنوں میں یہ تبادلے منسوخ بھی کرائے گئے اور یوں پچھلے ڈیڑھ سال سے دروش ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹرز موجود نہیں۔ اس حوالے چند دن پہلے عوامی سطح پر احتجاجی دھرنا شروع کیا گیا جوکہ 13دن جاری رہنے کے بعد لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی کے آرڈر ہونے پر ختم کیا گیا تھا تاہم لیڈی ڈاکٹروں کی تعیناتی کا اعلامیہ جاری ہونے کے کئی دن بعد بھی مذکورہ افسران ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش آکر رپورٹ کرنے میں ناکام ہو ئے ہیں حالانکہ انکی تعیناتی کے اعلامیے میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈیوٹی اسٹیشن پہنچ کر رپورٹ کریں۔