اپر چترال کو تاجکستان سے بجلی فراہمی کے لئے اقدامات کا انکشاف

اشتہارات

ااسلام آباد(میڈیا ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اپر چترال کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے لئے تاجکستان سے بجلی لانے پر کام ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر نے یہ انکشاف قومی اسمبلی کے فلور پر ایک سوال کے جواب میں کیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں مولانا عبدالاکبر چترالی کے چترال میں بروز اور آیون کی یونین کونسلوں اور کیسو، ارسون،عشریت اور ارندو کے موضعات کے لئے فنڈز واگزار ہونے کے باوجود بجلی کی ترسیلی تاریں لگانے میں تاخیر سے متعلق توجہ دلااؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ چترال میں گرڈ سٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور اس کے مضافات میں ڈیڑھ کروڑ اور 30 کروڑ روپے کی منظوری دی جاچکی ہے وہاں پر جلد کام کا آغاز ہو جائے گا۔توجہ مبذول نوٹس پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ بروز کا علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ جلد از جلد اس علاقے میں کام شروع کیا جائے۔ وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ ہمارے فنڈز تیار ہیں جیسے ہی وزارت خزانہ کی طرف سے کلیئرنس آتی ہے جلد کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ شاہدہ اختر علی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چترال وسیع اور پھیلا ہوا علاقہ ہے اور یہاں دور دور تک دیہات واقع ہیں۔چترال میں 500 سے لے کر 750 کلو واٹ کے چھوٹے چھوٹے یونٹ بھی لوگوں نے قائم کئے ہیں۔ ان کے ساتھ بھی ہمارے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپر چترال کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے لئے تاجکستان کے 132کے وی لائن لانے کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے افغانستان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ منصوبے کے تحت واخان کے راستے تاجکستان سے بجلی لائی جائے گی۔ یہ بجلی اپرچترال کے دیہات کو فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔