ٹیلی نارکی سروس پورے چترال میں ناقص ہے،وفاقی حکومت اور پی ٹی اے نوٹس لیں

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)سیلولر سروس مہیا کرنے والی بڑی کمپنی ٹیلی نار چترال کے صارفین کو معیاری سروس مہیا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے اور لاکھوں روپے صارفین سے وصول کرنے کے باوجود سروس میں بہتری نہیں آرہی۔ تفصیلات کے مطابق چترال میں سے سب سے زیادہ کوریج کے حامل ٹیلی نار کی سروس دن بدن گرتی جارہی ہے جسکی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نیٹ ورک کا مسلسل مصروف رہنا، کال کا بار بار کٹ جانا اور آواز کا سہی نہیں آنا معمول بن چکا ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی بہت سست ہے۔ اضافی خدما ت کی مد میں بھی صارفین کو دھوکے میں رکھا جا رہا ہے۔عوامی سطح پر بار بار اس ایشوکو اٹھانے کے باوجود متعلقہ کمپنی کی طرف سے اپنی سروس بہتر بنانے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور مختلف تکنیکی نکتے استعمال کرکے صارفین کو ٹرخایا جاتا ہے۔ دور دراز علاقوں میں مواصلاتی رابطے کا واحد ذریعہ ہونے کی وجہ سے عوام کی اکثریت ٹیلی ناراستعما ل کرنے پر مجبور ہے کیونکہ اکثر علاقوں میں دوسرے نیٹ ورک کی خدمات موجود نہیں مگر کمپنی کی طرف سے اس مجبوری کا بھرپور فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی نار کا چترال میں بزنس کروڑوں روپے کا ہے مگر باوجود اس بڑے بزنس کے کمپنی صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
ٹیلی نار کمپنی کے اس وسیع کوریج میں اہم کردار حکومت کا ہے کیونکہ اتنے بڑے علاقے میں درجنوں ٹاؤرز لگانے میں ٹیلی نار کا کوئی بڑا سرمایہ نہیں لگا بلکہ گذشتہ دور میں سابقہ وفاقی حکومت نے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت چترال کے دوردراز علاقوں میں موبائل سروس کی فراہمی کیلئے ٹاؤرزکی تنصیب کے لئے ایک ارب روپے سے زیادہ فنڈ جاری کردئیے اور اسی فنڈ سے چترال میں درجنوں ٹاؤرز نصب کئے گئے جبکہ ٹیلی نار کمپنی نے صرف اپنا سسٹم ان ٹاؤرز میں لگادئیے۔ بنیادی بڑے سرمایہ کاری سے بچنے کے باجود ٹیلی نار کی طر ف سے چترال کے صارفین کو معیاری سروس کی فراہمی میں ناکامی افسوسناک امر ہے۔
عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت اور پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے چونکہ ٹیلی نار کے سروس کو وسعت دینے میں سرکاری پیسہ خرچ ہوا ہے نیز بہتر سروس کی فراہمی کے لئے ٹیلی نار نے پی ٹی اے کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے جسکی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے لہذا وفاقی حکومت اور پی ٹی اے اس حوالے کمپنی کے خلاف اقدامات اٹھائیں اوراس امر کو یقینی بنائیں کہ ٹیلی نارچترال کے صارفین کو بہتراور معیاری سروس فراہم کرے بصورت دیگر اسکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔