چترال سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی تقریب حلف برداری،اسسٹنٹ کمشنر نے عہدیدارروں سے حلف لیا

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)چترال اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی تعارفی تقریب اور تنظیم کے عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالولی خان مہمان خصوصی تھے جبکہ چترال سکاوٹس کے میجر عثمان، میجر نعمان، اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) چترال شہزاد خان، چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین، اُسامہ شہید اکیڈیمی کے ڈائریکٹر فداء الرحمن مہمانان خاص کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے صدر حسن علی، کوارڈینیٹر وجاہت منصور، جنرل سیکرٹری فہیم شاہ، پی ایس ٹو پریذیڈنٹ مسعود عزیز، پی آر او شفیع اللہ، اکیڈیمک انچارج محمد الیاس، اسٹوڈنٹس ویلفیئر انچارج شاہد اللہ، نائب صدر خواجہ آفتاب الدین، فنانس افیسر ثاقب منظور، چیف ایونٹ آرگنائزر رمیز، سوشل میڈیا انچارج عبدالبصیر، پی ایس ٹو وائس پریذیڈنٹ عارف الرحمن، اسپورٹس انچارج یاسرالدین، چیرمین نذیر احمد، جائنٹ سیکرٹری حمادالدین، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس اعزاز اللہ، ٹرانسپورٹ انچارج رفیق اعظم، بلڈ ڈونر انچارج رفیق احمد، پریس سیکرٹری منظور الٰہی، چیف ایگزیکٹوسید فرداد، سیکرٹری کلچر محمد عباس، فوٹو گرافر عطاء اللہ، ٹور اپریشن منیجر جواد، ٹاسک فورس ہیڈ ذاکر وحید اور ایکسٹرا کریکولر ایکٹیویٹیز انچارج بشارت سے حلف لیا۔ اپنے خطاب میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی خان نے طلبا پر زور دیاکہ وہ مستقل مزاجی اور تندہی کے ساتھ محنت کو اپنا وطیرہ بنالیں اور اپنے اندر عزم صمیم پیدا کرلیں تاکہ وہ جس شعبہ زندگی میں جائیں، کامیابی وکامرانی ان کا قدم چوم لے۔

انہوں نے کہاکہ چترال میں طلباء وطالبات میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور ایسے فورم ایسی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لئے ممد ومعاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے طلباء برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے گا۔ چترال سکاؤٹس کے میجر عثمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس بریگیڈیر معین الدین نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پیش پیش رہتے ہیں مگر ضلع سے باہر ہونے کی وجہ وہ آج کے اس پروگرام میں شریک نہیں ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ طلباء کی ایسی تنظیمیں طلبہ برادری کے مسائل کو حل کرنے میں کلید ی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نادار طلباء کے لئے اولڈ بکس بنک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چترال سکاوٹس کی طرف سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)، چترال یونیورسٹی کے پروفیسر ظہورالحق دانش، آرگنائزیشن کے کو چیئرمین عباس، نائب صدر خواجہ آفتاب الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چترا ل اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے اعراض ومقاصد، طلباء میں اتحاد واتفاق کی ضرورت اور موجودہ حالات کے تناظر میں طلباء کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ چترا ل اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صدر حسن علی نے اپنے خطاب میں تنظیم کے اعراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ طلباء وطالبات کو درپیش چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کرنا،چترال کے تمام تعلیمی اداروں کے طلباء کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے متحدکرنا، انہیں نشہ اور دوسرے لغویات سے دوررکھنے کے لئے اقدامات کرنا، چائلڈ لیبر سے متاثر بچوں کی تعلیم وتربیت کے لئے اسٹریٹ سکول کا قیام، ٹیلنٹ رکھنے والے مگر نادار طلباء کے لئے وظائف کا انتظام کرکے انہیں تعلیم جاری رکھنے کے قابل بنانا اس کے وژن اور مشن کا حصہ ہے۔ اس مو قع پر آتش بازی اور ثقافتی شو کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نظامت کے فرائض وسیع الدین آکاش انجام دے رہے تھے۔