بلدیاتی اداروں کی معیاد مکمل؛ سرکاری گاڑیاں اور جملہ ریکارڈ ڈپٹی کمشنرز اپنی تحویل میں لیں/اعلامیہ جاری

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)صوبائی محکمہ بلدیات نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ بلدیاتی سسٹم پورا ہونے کے دن یعنی 28اگست کو تمام اثاثہ جات اور ریکارڈ اپنی تحویل میں لیں۔ اس حوالے سے جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چونکہ 28اگست 2019کو بلدیاتی اداروں کی قانونی معیاد پوری ہورہی ہے لہذا اس دن کے بعد اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری گاڑیاں اور دیگر اثاثہ جات کسی بھی غیر متعلقہ اشخاص کی دسترس میں نہ ہوں۔ ضلع ناظم اور ضلع نائب ناظم کی گاڑیاں، دفاتر اور جملہ ریکارڈ و دستاویزات ڈپٹی کمشنرز اپنی تحویل میں لیں گے اور تحصیل ناظم و نائب ناظم کے پاس موجود گاڑیاں اور جملہ ریکارڈ وغیرہ متعلقہ تحصیل میونسپل آفیسرز جبکہ ویلج کونسل کے دفاتر اور جملہ ریکارڈ وغیرہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ متعلقہ وی سی سیکرٹریزکے ذریعے اپنی تحویل میں لینگے۔ 28اگست کے بعدتمام بلدیاتی ادارے تحلیل ہونگے اور کوئی بھی شخص سرکاری گاڑی اور دفاتر استعمال کرنے کا مجازنہیں ہوگا اور اس امر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی ہوگی۔