اپر چترال میں لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے اعتراضات؛ سیٹلمنٹ آفیسر کا تحریک حقوق عوام کے ساتھ نشست

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)اپر چترال میں لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے عوامی شکایات کے بعد ڈسٹرکٹ سٹیلمنٹ آفیسر چترال سید مظہر علی شاہ نے بونی میں تحریک حقوق عوام کے ساتھ خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔اس اجلاس میں تحریک حقوق عوام کے عہدیداران کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور بلدیاتی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں تحریک حقوق عوام کے انفارمیشن سیکرٹری محمد پرویز لال نے ابتدائی کلما ت میں اجلاس کی ضرورت اور لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے اپر چترال کے لوگوں میں پائی جانیوالے تشویش سے سیٹلمنٹ آفیسر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی غیر موجودگی میں انکے زمینات کے حدود کا تعین کیا گیا، چراگاہ، ریور بیڈز اور شاملات سرکاری تحویل میں بغیر اطلاع کے لئے گئے ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کے تحفظات بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع دیگر شرکاء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ڈسٹرکٹ سیٹلمنٹ آفیسر سید مظہر علی شاہ نے شرکاء کے اعتراضات کے تفصیلی جواب دیے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ویلج کونسل ناظمین اپنے علاقے کے چراگاہوں اور ریوربیڈز کی نشاندہی کریں تاکہ ریکارڈ درستکئے جائیں۔ اسکے علاوہ لوگوں کی زمینات کے حدود میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کی درستگی کیلئے محکمے کے ذمہ داران ہرگاؤں کا دوبارہ دورہ کرینگے اور جہاں غلطیاں پائی جائیں ان کی درستگی کر کے لوگوں کو مطمئن کیا جائیگا۔
یاد رہے کہ اپر چترال میں لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے تحریک حقوق عوام اپر چترال نے اپنے تحفظات اور عوامی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ سروے کو منسوخ کرکے نئے سرے سے سروے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔