کمشنر ملاکنڈ کی مداخلت پر پولو ایسوسی اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اختلافات ختم،شہزادہ سکندرالملک چترا ل کے کپتان مقرر

اشتہارات

چترال(محکم الدین)شندور فیسٹیول کے حوالے پولو ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تنازعہ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض محسود کی مداخلت سے خوش اسلوبی سے حل ہوگیا جسکے بعد سلیکشن کمیٹی کی سفارش کے مطابق شہزادہ سکندر الملک کو چترال اے پولو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے اپنے دورہ چترال کے موقع پر جمعرات کے روز ڈی سی آفس چترال میں ضلعی افسران اور ڈسٹرکٹ پولو ایسوسی ایشن کے نمائندگا ن کے ساتھ ملاقات کی جس میں شندور ٹورنمنٹ کے لئے چترال پولو اے ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے اٹھنے والے تنازعے کی بابت تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شندور فیسٹول ایک بین الاقوامی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے جسے دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے سیاح چترال آتے ہیں اور امسال وزیر اعظم اور چیف آف اسٹاف کی آمد متوقع ہے اس لئے اس ایونٹ کو باہمی اتفاق و اتحاد سے علاقے کیلئے ایک تعمیری بنانا چترال کے عوام کے مفاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر اس کام کی حمایت کرتاہے جو عوام کے لئے بہتر ہو۔ کمشنر نے کہا کہ ٹیموں کی سلیکشن سے متعلق اختلاف کو ہم نے ختم کر دیا ہے اور ہم نے ٹیموں کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن کا اختیار حسب سابق سلیکشن کمیٹی کو دیتے ہوئے سلیکشن کمیٹی نے ہمیں جو بھی نام دیے اس کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق شہزادہ سکندرالملک چترال اے ٹیم کے کپتان ہونگے۔ریاض خان محسود نے کہاکہ شندور میں پولو کے علاوہ،میوزک،لوکل میوزک اور کلچرل پروموشن کے پروگرامات ہوں گے جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ سلطان گولڈن بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، اس لئے ہم ملک کے اندر اور بیرون ملک سیاحوں کو شندور فیسٹول میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اختلافات کے مثبت پہلو بھی ہوتے ہیں اور ہمیں اس بات پر خوش ہونا چاہئے کہ ہم نے ٹیموں کے اندر اختلاف کو ختم کر لیا ہے اور ہماری ٹیمیں شندورمیں اپنا روایتی کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔کمشنر نے کہاکہ مسقبل میں پولو ایسوسی ایشن کی ایک جنرل باڈی تشکیل دی جائے گی جو انتخابات کے ذریعے اپنے لئے کابینہ تشکیل دے گی اور قواعد وضوابط مرتب کرکے اسکے تحت کام کرے گی تاکہ پولو کو مزید فروغ مل سکے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرا چترال میں دو سال کا عرصہ ہونے کو ہے،چترال کے لوگوں نے مجھے بہت عزت دی اورمیں نے بھی اپنی بساط کے مطابق چترال کی خدمت کی ہے۔ چترال پر امن لوگوں کا مسکن ہے اس لئے معمولی باتوں کو ایشو نہیں بنانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ چترال کے معاشی استحکام کیلئے نوجوانوں کو کوالٹی ایجوکیشن دینے کے ساتھ معاشی طور پر آگے لانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ شندور فیسٹول کی چترال اے ٹیم کی کپتانی سے معروف پولو پلیئر شہزادہ سکندر کو آؤٹ کرنے پرسلیکشن کمیٹی کے ممبران اور سول کھلاڑیوں نے احتجاجا ًشندور پولو میلے کے بائکاٹ کا اعلان کیا تھااورمعاملہ گھمبیر صورت اختیار کرلی تھی لیکن کمشنر ملاکنڈ کی مداخلت سے تنازعہ خوش اسلوبی سے حل ہوا۔ اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس کے موقع ڈپٹی کمشنر خوشید عالم محسود،ڈی پی او فرقان بلال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ، سلیکشن کمیٹی کے ممبران اور صدرپولو ایسوسی ایشن شہزادہ سکندرالملک بھی موجود تھے۔