علاقہ لاسپور کی ترقی کے لئے مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر جامع منصوبہ بندی کی جائیگی/اسرار صبور

اشتہارات

بونی (کریم اللہ) پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء اسرار صبور نے کہا ہے کہ علاقہ لاسپور اپنے قدرتی وسائل، آبی ذخائر اور سیاحتی مقامات کے حوالے سے نمایاں مقام کے حامل ہے اور اس علاقے کی ترقی کے لئے مربوط حکمت عملی ترتیب دی جائیگی۔ گذشتہ دنوں لاسپور میں بلدیاتی نمائندگا ن اور لوکل سپورٹ آرگنائزیشن کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ قدرتی وسائل اور سیاحتی کے حوالے سے مالامال ہے، دنیا کا بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور اس وادی میں واقع ہونے کی وجہ سے اس کی سیاحتی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کیلئے ایک مربوط منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جشن شندور کے بعد علاقے کے عوام کے ساتھ مشاورت کی جائے گی جس کے تحت یہاں کے لوگوں کے لئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے یہاں زراعت کے شعبے میں کام کرنے اور یہاں کی ٹوریسٹ پوائیٹس اور ٹریک کو ڈسکور کرنے کے لئے لائحہ عمل تیا ر کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڑاسپور ایل ایس او کے نمائندگان نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ جشن شندور کے بعد علاقے میں پڑے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا کوئی بندوبست نہیں کیا جاتا جسے کھا نے کے بعد ہمارے مال مویشی ہلاک ہوتے ہیں لہذا اس سال جشن شندور کے موقع پر صفائی اور جشن کے بعد وہاں پھیلے ہوئے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے انتظامیہ لاسپور ایل ایس او کو ساتھ لے کر لائحہ عمل اختیار کیا جائے جس کے ساتھ اسرار صبور نے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا۔