مہنگائی سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے حکومت نے احتساب کے نام پرڈرامہ شروع کیا ہے/پی پی پی اپر چترال

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)پاکستان پیپلزپارٹی اپرچترال کے زیرانتظام ملک میں جاری بے تحاشہ مہنگائی اورنیب کے ذریعے من پسنداحتساب کیخلاف پارٹی کارکنان اور عہدیداران کا مشترکہ اجلاس پی ٹی ڈی سی ہوٹل بونی میں منعقد ہوا،جسکی صدارت سنیئر پارٹی رہنماء چیئرمین دردانہ شاہ نے۔پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوے صدرپی پی پی اپرچترال امیراللہ،جنرل سیکرٹری اپرچترال حمیدجلال،جنرل سیکر ٹری تحصیل مستوج سید شیر حسین،انفارمیشن سیکرٹری پرویز لال، سنیئرنائب صدر شریف حسین،سنیئر نائب صدر افضل قباد،نائب صدر انجینئر فضل ربی،انفارمیشن سیکرٹری قاضی فیصل،صدرعلماء ونگ قاری نظام،ممبر ڈسٹرکٹ کونسل شیرعزیزبیگ،غلام مصطفی،صدرپی پی پی ٹاؤن لال فتح الرحمن،صدرتحصیل موڑکہو مرسلین،پروفیسرخلیل،صدر لوئرچترال عالمزیب، صدر پی ایس ایف جاوید اقبال،نظریاتی کارکن رحمت سلام چترالی اور وقار علی وغیرہ نے تبدیلی سرکار کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر غریب عوام پر مہنگائی بم گرانے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے نیب کو اپنی ذاتی مفادات کی خاطراستعمال کرنے کی پرزور مزمت کی۔

مقررین نے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو احتساب کے نام پر ہراساں کرنے پر پی ٹی آئی حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے کا انجام پی ٹی آئی سرکار کی خاتمے پر منتج ہوگی۔ اپنی تباہی کو یقینی جان کرعمران نیازی اور اس کے حواری ہواس باختہ ہو کر اشیائے خردونوش کی قیمتوں میں سو گنا اضافہ کرکے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اور مجبور عوام اس ظالم حکومت سے جان چھڑانے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہو چکے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے کارکنان نیازی صاحب کا بستر گول کرنے کے لیے اپنے پارٹی ہائی کمان کی اشارے کا منتظر ہیں۔ اس موقعے پر عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی اور اگلے لائحہ عمل تک تیار رہنے کی عہد کے ساتھ تقریب کااختتام ہوا۔