بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

اشتہارات

چترال (بشیر حسین آزاد)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام چترال میں احتجاجی جلسہ منعقد کرنے کے بعد احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پارٹی کی صوبائی نائب صدر خدیجہ بی بی اور ضلعی صدر الحاج عید الحسین نے کی جوکہ اتالیق پل سے شروع ہوکر پی آئی اے چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ جلسے سے خدیجہ بی بی اور عیدالحسین کے علاوہ فیض الرحمن، سید عابد حسین جان،فضل احد، ایم آئی خان سرحدی ایڈوکیٹ اور دوسروں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر اپنی خطاب میں خدیجہ بی بی نے کہاکہ چترال کے ساتھ ناانصافی اس دور میں ہوئی ہے اسکی نظیر ماضی میں نہیں ملتی اور ان زیادتیوں، ناانصافیوں اور غیر مساویانہ برتاؤ کی وجہ سے چترال کے عوام ذہنی تناؤ میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت میں چترال کے عوام میں احساس محرومی میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔مقررین نے کہا کہ نیا پاکستان کا سبز باغ عوام کو دیکھا نے والوں کی حقیقت عوام پر آشکارا ہوگئی ہے اور وہ پرانا پاکستان ہی چاہتے ہیں جس میں سکون ہی سکون اور مہنگائی وگرانی کا نام ونشان بھی نہ تھا۔ مقررین نے کہا کہ ظلم جب بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے اور اس وقت موجودہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات نا قابل برداشت ہو چکے ہیں، عوام میدان میں نکل کر اس حکومت کو گرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس عمران خان نے چترال کی ایک بیٹی فوزیہ کے ساتھ جو برتاؤکیا، یہ تمام چترالی عوام کی توہین ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔اس سے قبل مقررین نے کہاکہ عمران خان کی ملک دشمن پالیسیوں او ر نااہلی کی وجہ سے ملک مشکلات کے دلدل میں پھنس گیا ہے اور مہنگائی وگرانی سے عوام حیران وپریشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں باچا خان کے پیروکار اپنا تن من دھن قربان کرکے اس نااہل حکومت کا دھڑن تختہ کردیں گے۔