چترال پولیس کی نوعمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کاروائی

اشتہارات

چترال(محکم الدین)چترال پولیس نے عید کے موقع پر موٹر سائیکل حادثات پر قابو پانے کیلئے نو عمرموٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرد یا ہے اور اب تک کئی نو عمر سواروں کو تنبیہ کی جاچکی ہے اور بغیر لائسنس سواروں کو جرمانے کئے گئے ہیں۔ایس ایچ او تھانہ چترال انور شاہ کی قیادت میں تھانہ چترال اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر چترال شہر کے مختلف مقامات پر نو عمر موٹر سواروں کے خلاف کاروائی کی اور ہیلمٹ کے استعمال و تیز رفتاری سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ چترال انور شاہ نے کہاکہ نوعمر بچوں کو موٹرسائیکل دینا والدین کی بہت بڑی غلطی ہے، اس وجہ سے آئے روز حادثات میں ان کی جان چلی جاتی ہے،تب والدین اپنی غلطی پر خود افسوس کر رہے ہوتے ہیں مگر اس وقت تک بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ چترال پولیس ہیلمٹ کے استعمال کے بارے میں آگہی مہم بھی چلاتی ہے،اس کے باوجود نو عمر موٹر سائیکل سوار اپنی جان کی پرواہ نہیں کرتے،تیز رفتاری کرتے ہوئے خود اپنی جان گنوا کر خود کشی کا ارتکاب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چترال پولیس عیدالفطر کے دوران تیز رفتاری کرنے والے موٹر اور موٹر سائیکل سواروں،بغیر ہیلمٹ سواروں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے گی۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ عید کے دوران چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل چلانے سے منع کریں تاکہ وہ حادثات سے بچ سکیں اور والدین افسوسناک صدمے سے دوچار ہونے سے محفوظ رہیں۔


واضح رہے کہ چترال میں گذشتہ چند سالوں کے دوران کئی نوعمر بچے تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے حادثات کا شکار ہوئے اور والدین کو دار مفارقت دے گئے جنہیں والدین آج بھی نہ بھولا پائے۔