قاقلشٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا میں منفی پراپیگنڈا جاری ہے،رمضان کے بعد لائحہ عمل ترتیب دینگے/تحریک حقوق عوام

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)تحریک حقوق عوام(اپرچترال)نے سوشل میڈیا میں قاقلشٹ حوالے سے چلنے والے خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے قاقلشٹ کو سرکاری اراضی ظاہر کرنے والے حضرات عوام کا نقصان کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تحریک کی طرف سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے۔منگل کے روز بونی میں تحریک کا اجلاس صدر مختار احمد لال کی صدارت میں منعقد ہوا جسمیں ممبران نے شرکت کیں۔ اجلاس میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بعض افراد قاقلشٹ کے حوالے سے دانستہ طور پر غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کرتے ہوئے اسے سرکاری اراضی ظاہر کر رہے ہیں حالانکہ قاقلشٹ وسیع و عریض اراضی ہے اور نزدیکی عوام کی شاملات رہی ہے، زمانہ قدیم سے نزدیکی علاقوں کے لوگ اپنے حصے کے شاملات سے استفادہ کرتے آرہے ہیں۔ اجلاس میں خبر دار کیا گیا کہ جو افراد غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کے ذریعہ کسی ایک مخصوص علاقے یاکسی سیاسی پارٹی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں تو انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ وہ عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل کر کسی اور کا نہیں خود اپنا نقصان کر رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم مسئلے پر رمضان کے بعد باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا اور عوامی حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائیگا۔