ACTED کی طرف سے ایون کو سیلاب سے بچانے کے اقدامات قابل ستائش ہیں /ایور گرین ویلفیئر سوسائٹی

اشتہارات

چترال(نامہ نگار)ایور گرین ویلفیئر سوسائٹی ایون کے چیئرمین محکم الدین،جنرل سیکرٹری عتیق احمد اور ممبران نے قصبہ ایون کو سیلاب سے بچانے کیلئے غیر سرکاری ادارے ایکٹڈ(ACTED) کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے حد سراہاہے۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاکہ علاقہ ایون 2015میں سیلاب سے شدید طور پر متاثر ہوا تھااور اس خوبصورت قصبے کا بڑا حصہ نالہ ایون کا سیلابی ملبہ دریا چترال کے بہاؤ کا راستہ روکنے کی وجہ سے ڈیم کی صورت اختیار کر گیا تھاجس کے نتیجے میں ایون کا وسیع رقبہ سیلاب برد ہوااور اس علاقے کے مزید تباہی کے امکانات واضح تھے۔ماضی میں گو کہ حکومتی سطح پر بھی سیلابی ملبے کو ہٹانے کیلئے کوشش کی گئی تھی لیکن گذشتہ سال سے ایکٹڈ نے جس طرح کام کیاوہ نہ صرف تعریف کے قابل ہے بلکہ دیگر اداروں کیلئے ایک مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ ایکٹڈ نے ایون کے تین دیہات موڑدہ،تھوڑیاندہ اور درخناندہ کے درمیان متاثرہ زمینات کی دوبارہ بحالی کو ممکن بنانے کیلئے جس پروٹیکشن بند کا آغاز کیا ہے وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے،اس سے سیلاب سے تباہ شدہ ایریا کو دوبارہ قابل کاشت بنانے میں مدد ملے گی۔ اس اقدام سے جہاں ایک طرف زرعی زمینات سے دوبارہ فوائد حاصل کرنا ممکن ہو سکے گاجبکہ دوسری طرف ایون کی خوبصورتی دوبارہ لوٹ آئے گی۔انہوں نے کہاکہ نالہ ایون کے دھانے پر ملبہ ہٹانے سے اب سیلابی خطرات میں بہت کمی آئی ہے اور دریائے چترال کے بہاؤ میں بھی تیزی آئی ہے۔ تنظیم نے ایکٹڈ کے تمام ذمہ داروں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ پروٹیکشن ورک کا جو کام شروع کیا گیا ہے.س کو مکمل کیا جائے اور بڑے پتھروں کی یہ دیوار درخناندہ ایریا تک پہنچایا جائے تاکہ یہ کام پائیدار ہو۔