ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بونی میں لیڈی ڈاکٹرز کی کمی پوری کی جائے/محمد پرویز لال

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)آل ناظمین فور م اپر چترال کے صدر محمد پرویز لال نے بونی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونی ضلع اپر چترال کا واحد ہسپتال ہے جہاں علاج معالجے کے لئے مریض دور دراز علاقوں سے طویل اور مشکل سفر طے کرکے آتے ہیں اور اس ہسپتال میں مریضوں کا ہر وقت رش رہتا ہے تاہم بد قسمتی سے اس ہسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے۔ اپنے ایک اخباری میں انہوں نے کہا کہ ہیڈکوارٹر بونی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں صرف ایک لیڈی ڈاکٹر موجود ہیں جوکہ کافی عرصے سے ہسپتال میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔محمد پرویز لال نے ہسپتال میں تعینات لیڈی ڈاکٹر زہرہ اسیر کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیشے میں انتہائی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی خوش اخلاق شخصیت کی مالک ہیں، مریضوں کے ساتھ ان کا رویہ انتہائی دوستانہ ہے اور مریضوں کے ساتھ ساتھ علاقے کے لوگ بھی ان کی ہسپتال میں موجودگی سے بہت خوش اور مطمئن ہیں۔ اپر چترال کا واحد ہسپتال ہونے کی وجہ سے ان کے پاس مریضوں کا بہت زیادہ رش رہتاہے، ہسپتال میں داخل مریضوں اور آپریشن کیسز کے علاوہ اوسطاً روزانہ ڈیڑھ سو سے دو سو کے قریب مریضوں کا او۔پی۔ڈی میں معائنہ کرتی ہیں جوکہ اس اکیلی ڈاکٹر کیلئے بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا اس نوزائیدہ ضلعے کے واحد ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو طبی خدمات آسانی سے میسر آسکیں۔انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور ڈی ایچ او چترال سے مطالبہ کیا کہ فوری طور ہر ڈی ایچ کیو ہسپتال بونی میں لیڈی ڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کے مشکلا ت کا ازالہ ہو سکے۔