محکمہ پبلک ہیلتھ نے رامان لاسپور میں خلاف ضابطہ ملازمت دی،مستحق شخص کو نظر انداز کرنا نا انصافی ہے/مینہ گل
چترال(محکم الدین)رامان لاسپور کے رہائشی مینہ گل نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے صوبائی حکام سے اپیل کی ہے کہ پھرگام لاسپور میں قوم ڈانذے کی زمین پر پبلک ہیلتھ کے زیر نگرانی تعمیر شدہ واٹر ٹینکی کی ملازمت کو دھوکا دہی اور اقربا ء پروری کا شکار ہونے کا نوٹس لیا جائے۔ اپنے جملہ دستاویزات کے ساتھ اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ رامان لاسپور میں قوم ڈانذ ے کی زمین پر تعمیر شدہ واٹر ٹینکی کی ملازمت کیلئے برادری کے تمام لوگوں نے اُن کے بیٹے نیت گُل کے نام پر اتفاق کیا ہے اور تحریری طور پر اپنے فیصلے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کو آگاہ کرتے ہوئے اُنہیں ملازمت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لیکن محکمہ ہذا کے ایک اہلکار نے اپنا ذاتی تعلق استعمال کرتے ہوئے اقرباء پروری کی بنیاد پر یہ ملازمت نیت گُل کو دینے کی بجائے اپنے بہنوئی وورگلاب ولد کبیر خان کو دلوایا ہے جن کا ٹینکی کی زمین سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قوم ڈا نذے کے افراد نے متفقہ طور پر ایک تحریری قرارد ادمتعلقہ ادارے کو بھیج دی ہے جس میں انہوں نے مذکورہ ملازمت دھوکا دہی اور اقرباء پروری سے دوسرے فرد کو دینے کی پُر زور مذمتکرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اگر محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام اس ناانصافی پر نظر ثانی نہیں کیا تو وہ اپنے زمینات سے گزرنے والے تمام پائپ اُکھاڑ دیں گے اور ٹینکی گرا دی جائے گی جس کے نتیجے میں گاؤں پھورت اور پھرگام کے پینے کے پانی سے محرومی اور کشیدہ حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ادارہ اور اہلکار پر عائد ہوگی۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ حالات کشیدہ صورت اختیار کرنے سے پہلے اس پر نظر ثانی کرکے میرے بیٹے نیت گل کو یہ ملازمت دی جائے۔