ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے اپنے فرائض منصبی سنبھال لیا،بونی پہنچنے پرشاندار استقبال اورخصوصی تقریب منعقد کی گئی

اشتہارات

بونی (کریم اللہ)نو تشکیل شدہ ضلع اپر چترال کے پہلے ڈپٹی کمشنر شاہ سعود نے گذشتہ دنوں باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ تفصیلا ت کے مطابق ضلع اپر چترال کے پہلے ڈپٹی کمشنر شاہ سعود (پی ایم ایس،) اپنی تعیناتی کے بعد نئے ضلعے میں پہنچ کرباضابطہ طور پر اپنی فرائض منصبی سنبھال لیا ہے۔ضلع اپر چترال کے قیام کی خوشی میں اپر چترال کے عوام نے ہیڈ کوارٹر بونی میں ضلعے کے پہلے ڈپٹی کمشنر کو خوش آمدید کہنے کیلئے انکا پرتپاک استقبال کیا اور اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس سے تحصیل ناظم مولانا محمد یوسف، پی ٹی آئی کے سنیئر راہنماء و ممبر ضلع کونسل رحمت غازی، ممبر ضلع کونسل غلام مصطفی ایڈوکیٹ، ممبر تحصیل کونسل سردار حکیم، آفتاب ایم طاہر وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے نئے ضلع کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا اور اسے علاقے کے عوام کیلئے ایک گرانقدر تحفہ قرار دیا۔ مقررین نے نئے ضلعے کے قیام پر وزیر اعظم عمران خان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے نئے ضلع کے پہلے ڈپٹی کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے یقین دلایا کہ علاقے کی ترقی کے لئے انتظامیہ کے ساتھ پر ممکن تعاؤن کیا جائیگا۔ اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شاہ سعود نے کہااس نوزائدہ ضلعے میں اپنی تعیناتی کو اپنے لئے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی پوری کوشش ہوگی کہ وہ علاقے کے عوام کو ساتھ لیکر کام کرتے ہوئے اپر چترال کو ایک مثالی ضلع بنائینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو علاقے کے بہتر مفاد میں باہمی تعاؤن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اپر چترال کے عوام کے جذبہ حب الوطنی، مہمان نوازی اور رواداری کی تعریف کی اور انکا شاندار استقبال کرنے پر اہلیان علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔