اونچی آواز میں موسیقی سننے اور گالیاں دینے پر جرمانے عائد ہونگے،لوکل گورنمنٹ ایکٹ

اشتہارات

پشاور(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت نے اونچی آوازمیں موسیقی سننے، گالیاں دینے، خطرناک جانوروں کو کھلا چھوڑنے اور غیر قانونی سپیڈ بریکر بنانے پر جرمانے عائد کرنیکا فیصلہ کر لیا خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ میں 48خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ترمیمی ایکٹ کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کی پائپ لائن اور نکاسی آب کے نظام کو نقصان پہنچانے پر 50ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ گلیوں، سڑکوں، نالیوں اور فٹ پاتھوں کو نقصان پہنچانے پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائیگا اسی طرح عمارتی ملبہ ٹھکانے نہ لگانے پر 25ہزاراورغیر قانونی سپیڈ بریکر بنانے پر 20ہزارجرمانہ ہو گا۔ترمیمی ایکٹ کے مطابق تحصیل حکومت کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ہسپتال اور تعلیمی ادارے کے باہر ہارن بجانے اور اونچی آوازمیں موسیقی سننے پر 3ہزار روپے،اونچی آواز میں بولنے اور گالیاں دینے پر بھی تین ہزار روپے،اپنے زخم کو بے نقاب کرکے بھیک مانگنے پر 2ہزار روپے، جانور کی وجہ سے اگر فصل کو نقصان پہنچا تو جانور کے مالک کو 3ہزارروپے، متنازعہ مقام پر پتنگ اڑانے پر 15سو روپے،جانوروں کی ایسی جگہ فروخت جہاں ممانعت کی گئی ہو اس پر 50ہزار روپے جرمانہ اورپرندے اڑا کر ہوائی ٹریفک کیلئے خلل پیدا کرنے پر5ہزار روپے جرمانہ عائد کر سکے۔رہائشی علاقے میں پٹ سن اور بھنگ کا پودہ لگانے پر 3ہزار روپے، انسانی فضلہ اور نکاسی کیلئے نظام نہ ہونے پر کمرشل صارفین 10ہزار جبکہ رہائشی 2ہزار روپے جرمانہ ہو گاماحول کو آلودہ کرنے پر 6ہزار روپے، پانی کے پائپس کی لیکیج کنٹرول نہ کرنے اورمچھروں کی افزائش کیلئے سازگار ماحول پیداکرنے پر 3ہزار،حلال جانور کو ایسی خوراک دینا جس سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اس پر 5ہزارروپے، سٹریٹ لائٹ کو نقصان پہنچانے پر 5ہزار، بغیر اجازت سرکاری و نجی املاک پر اشتہار چسپاں کرنے پر 5ہزار، فحش اشتہارات کی نمائش پر 5ہزار روپے، قبرستان کے علاوہ کسی اور مقام پر مردہ دفنانے پر 3ہزار روپے، جانوروں کی سڑکوں پر نمائش، انہیں خوراک کھلانے اور عوامی مقامات پر باندھنے پر 2ہزار، جانوروں کی لائشیں ٹھکانے نہ لگانے پر 15سو روپے، دکان کے اندر کچرا اور استعمال شدہ پانی ضائع نہ کرنے کا انتظام موجود نہ ہونے پر 5ہزار روپے جرمانہ ہو گا۔پینے کے صاف پانی سے جانوروں کو نہلانے پر 15سو روپے، شہریوں کو مشروبات اور صاف پینے کے فراہمی میں کوتاہی برتنے پر 5ہزار، اپنی حدود پار کرنے پر ہتھ ریڑھیوں کو 15ہزار روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گاجبکہ مذبحہ خانہ کے علاوہ ذبیحہ کرنے پر 12ہزار روپے جرمانہ ہو گا کتے اور دیگر خطرناک جانوروں کو پٹہ ڈال کر باند ھے رکھنا لازمی ہو گا خلاف ورزی کرنے پر 2ہزار جرمانہ کیا جائیگا۔