بجلی کی عدم دستیابی؛دروش ٹاون کے نواحی گاوں وارڈپ پائین کے باسیوں کا احتجاجی دھرنا

اشتہارات

دروش (نامہ نگار)دروش ٹاؤن کے نواحی گاؤں وارڈپ پائین کے رہائشیوں نے علاقے میں بجلی کی سہولت کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دروش ٹاؤن کے نواح میں دریائے چترال کے اس پار واقع گاؤں وارڈپ پائین میں اس دور جدید میں بھی بجلی دستیاب نہیں جسکی وجہ سے یہاں کے رہائشی گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں۔بار بار کے مطالبوں کے باوجود اس علاقے کو ابتک بجلی فراہم نہیں کی گئی ہے جسکی وجہ سے بالآخر تنگ آکر گاؤں کے لوگوں نے خواتین اور بچوں سمیت احتجاجی دھرنا دیا۔ اوسیک پل کے قریب دھرنے پر بیٹھے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بار بار حکومتی اداروں اور منتخب نمائندوں کے سامنے فریا د کرنے کے باوجود ہمارے گاؤں کو بجلی فراہم نہیں کی جارہی جبکہ آس پاس کے تمام علاقوں میں بجلی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تنگ آکر ہم احتجاج کے لئے میدان میں اترے ہیں اور ہمار ا مطالبہ منظور ہونے تک احتجاج جاری رہیگا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ 120گھرانوں پر مشتمل اس گاؤں کو بجلی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے آج نوبت یہاں تک پہنچی ہے کہ گاؤں کے با پردہ خواتین اپنے شیر خوار بچوں سمیت دھرنا دینے کے لئے گھروں سے نکلی ہیں۔ وارڈاپ پائین گاؤں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی نعمت سے محروم ہے اور ابتک دریا سے پانی لاتے ہوئے کم ازکم تین افراد دریا میں گر کر جان بحق ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ انکا مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میں وہ دروش بازار چوک میں آکر دھرنے پر بیٹھیں گے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالولی خان اور ایس ڈی پی او دروش نے دھرنا کے شرکاء سے مذاکرات کئے۔