الحاج عیدالحسین عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر منتخب ہوگئے

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)الحاج عیدالحسین ایک مرتبہ پھر عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر منتخب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدارت کے لئے انتخابی عمل گذشتہ روز چترال میں منعقد ہوا جسکی نگرانی صوبائی نائب صدر ارم فاطمہ اور صوبائی جوائنٹ سیکرٹری خدیجہ سردار نے کیں۔ انتخابی عمل میں پارٹی کے 15ضلعی کونسلرز نے حق رائے دہی کااستعمال کیا جسکے نتیجے میں الحاج عیدالحسین 9ووٹ لیکر پارٹی صدر منتخب ہوئے جبکہ پروفیسر سید توفیق جان کو چھ ووٹ ملے۔

بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی نائب صدر ارم فاطمہ نے کہاکہ اے این پی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام سرانجام دئیے جبکہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ملک کا ستیا ناس کرکے رکھ دیا ہے۔ عمران خان نے 50لاکھ گھروں کا جو جھانسہ دیا ہے ، ان میں سے سب سے زیادہ مستحق چترال کے وہ لوگ ہیں جوکہ گزشتہ سالوں کے دوران قدرتی آفات کے نتیجے میں بے گھر ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اے این پی کی نقش قدم پر چلتے ہوئے صوبے کی خدمت کریں جس نے 2008سے لے کر 2013 تک صوبے میں عوام میں خوشحالی کے لئے وہ کارنامے سر انجام دئیے جن کی نظیر نہیں مل سکتی۔ ارم فاطمہ نے کہاکہ سلیکشن کے ذریعے برسراقتدار آنے والی حکومت کو چاہئے کہ وہ احتساب کے نام پر ڈرامہ بازی بند کرے جبکہ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا تھا لیکن کسی کو اے این پی پر انگلی اُٹھانے کی ہمت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ہر ایک شعبے کو تنزلی میں دھکیل دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جائنٹ سیکرٹری خدیجہ بی بی نے کہا کہ چترال میں جس طرح پارٹی الیکشن انتہائی شفاف اور کامیابی سے منعقد ہوئے اسی طرح آنے والی بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر پارٹی کے صفوں میں اتحاد واتفاق کی ضرورت ہے تاکہ بلدیاتی انتخابات میں یہ ایک موثر سیاسی قوت بن کر ابھر سکے اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والی حکومت کو شکست سے دوچار کردے۔ انہوں نے پارٹی الیکشن کے مختلف مراحل میں بھر پور کام کرنے پر الیکشن کمیٹی کے اراکین مقصود عالم بیگ، سید مسرت جان، عمران حسین، شجاعت علی خان ، ممتاز علی ایڈوکیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر سید توفیق جان نے اپنے خطاب میں نومنتخب صدر الحاج عید الحسین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جمہوری عمل کی تکمیل کے لئے پارٹی الیکشن میں حصہ لیا تھا اور اب مکمل یکسوئی کے ساتھ صدر کے ساتھ تعاون کریں گے۔ نومنتخب صدر الحاج عیدالحسین نے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے توقعات پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کرتے رہیں گے اور یہ ثابت کردیں گے کہ چترال کے عوام فخر افغان باچاخان کے فلسفے پر عمل پیرا اور ان کی شیدائی ہیں اور چترال کو پارٹی کا گڑھ بنادیں گے۔ انہوں نے صوبائی نظم کی طرف سے بھیجے گئے اراکین الیکشن کمیٹی ارم فاطمہ ، خدیجہ بی بی کاشکریہ ادا کیا۔ پارٹی کے دیگر رہنماؤں فضل الرحمن ، مقصود عالم بیگ، ڈاکٹر سردار احمد، سید مسرت جان اور دوسروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔دیگرعہدیداروں میں سینئر نائب صدر غلام احد، نائب صدر اول حاجی عبدالناصر، نائب صدر دوم صوبیدار ایاز ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سردار احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل حسین، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقصود عالم بیگ، جائنٹ سیکرٹری شجاعت علی، خزانچی یسطور الحق شامل ہیں۔