درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے،ہر فرد کم از کم ایک پودا لگا کر موسم بہار کا آغاز کریں/مولانا خلیق الزمان

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس سال ہر فرد ایک ایک پودا لگا کر موسم بہار کا آغاز کریں۔ شاہی مسجد چترال میں جمعے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا خلیق الزمان نے کہا کہ پودا پگانا صدقہ جاریہ ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم اپنی دست مبارک سے خود پودے لگائے ہیں ، سب سے پہلے نیشنل پارک کا تصور مدینہ منورہ میں پیغمبر اسلام ؐ نے دیاہے۔ انہوں نے جنگلات کی بیدریغ کٹائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا جنگلات کی بیدریغ کٹائی سے ماحول پر برااثر پڑتاہے دنیا بھر میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دہشت گردی سے زیادہ لوگ مرتے ہیں مگراسکی طرف کسی کاخیال تک نہیں ہورہا ہے ۔جنگلات کی کٹائی پودے لگانے سے کہیں زیادہ ہے ۔اس حوالے سے اداروں کا مضبوط اور محب وطن ہونا بہت ضروری ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں بعض کام بظاہر دنیاوی نظر آتے ہیں جبکہ حقیقت میں عین عبادت ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے نبی ؐنے بلاضرورت راستے میں سایہ داردرختوں کو کاٹنے سے منع کیاہے۔ میں ہر چترالی سے گزارش کرتاہوں کہ وہ امسال ایک پودا لگاکر صدقہ جاریہ حاصل کریں چترال کوسر سبز وشاداب بنائیں۔