چترال سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب؛کثیر تعدا د میں لوگوں کی شرکت

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی)ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی79 واں یوم پاکستان پورے قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں چترال سکاؤٹس کے گراؤنڈ میں ایک پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی ۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین یوم آزادی کے اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود،رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی،رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کے علاوہ سول وفوجی افسران،مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کیں۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔چترال سکاؤٹس، چترال لیویز،چترال پولیس،ایلیٹ پولیس فورس اور فرنٹیئر کور پبلک سکول کے دستوں نے پریڈ اور سلامی پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور یہ نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کی حفاظت اور اسے ترقی دینے کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے اور ہم سب کو ملکر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ پاکستان تا ابد قائم اور دائم رہنے کیلئے وجود میں آیا ہے اور جب تک اس ملک کے عوام اپنے فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر کھڑے ہوں تو اس ملک کا کوئی کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا۔رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدا یت الرحمان نے تقریب سے اپنے خطاب میں طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ نہایت محنت سے پڑھ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ملک کی قوم کی خدمت کیلئے کمربستہ ہو۔ اس موقع پر سکول کے طلباء و طالبات نے یوم پاکستان کے موضوع پر تقاریر کے علاوہ مختلف ٹیبلو، خاکے اور ثقافتی شو بھی پیش کیا۔ سکول کے بچوں اور بچیوں نے ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور کشمیر میں رہنے والے لوگوں کی لباس پہن کر ان کے زبان میں قومی گیت بھی پیش کئے اور حاضرین کو محظوظ کئے۔ ان خاکوں اور قومی گیت میں حصہ لینے والے بچو ں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا جس کے احترام میں تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر سنا اور سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پولو کا دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا۔