اپر چترال بجلی بحران،بونی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ،مطالبات منظور نہ ہونے پر لانگ مارچ کا فیصلہ

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)اپر چترال میں بجلی کے موجودہ بحران کے خلاف تحریک حقوق عوام اپر چترال کے زیر اہتمام بونی میں ایک زبردست احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جسمیں مقامی لوگوں کے علاوہ اپر چترال کے مختلف علاقوں بیار، تورکہو، موڑکہو اور تریچ وغیرہ سے کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے گولین گول پاؤر ہاؤس سے اپر چترال کو بجلی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور ناروا لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بات کرتے ہوئے کہا کہ گولین پاؤر ہاؤس میں بجلی کی دستیابی کے باجود اپر چترال میں ناروا لوڈشیڈنگ مضحکہ خیز اور ناقابل برداشت ہے جسکے خلاف عوام میدان میں نکل چکے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ گولین گول بجلی گھر ملکی و غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں اربوں روپے کی لاگت سے تیار ہوچکا ہے، اس کی تعمیر سے قبل مختلف امور پر تفصیلی جانچ پڑتال کی جاچکی ہے لہذا اب واپڈا کی طرف سے پانی کی کمی اور نتیجتاً بجلی کی پیداوار میں کمی کا موقف صرف ایک بہانہ اور دھوکہ دہی ہے جسے عوام قبول نہیں کرتے ۔ مقررین نے اپر چترال میں مسلسل ناروا لوڈشیڈنگ کو واپڈا کی طرف سے دانستہ اقدام اور عوام کے ساتھ نا انصافی قرار دیتے ہوئے اسکے خلاف ہر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا۔مقررین نے اپر چترا ل کے بجلی مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عدم دلچسپی کی وجہ سے عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اپر چترا ل کے عوام مزید یہ نا انصافی برداشت نہیں کرینگے۔ مقررین نے ضلعی حکومت ، انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔جلسے میں منظور کئے گئے قرارداد میں خبردار کیا گیا کہ 3اپریل تک بجلی کے حوالے سے اپر چترال کے مسائل حل نہ ہوئے تو گولین گول کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔ جلسے میں منظور کئے گئے قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ اپر چترال میں 3اپریل سے پہلے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بجلی مستقل بنیادوں پر مہیا کی جائے، 7 میگاواٹ کے ٹرانسفارمر کو ہنگامی بنیادوں پر نصب کیا جائے،متعلقہ ادارے ٹرانسمشن لائنیں ٹھیک کرائیں اور کاغلشٹ کے مقام پر جگہ کا تعین کرکے الگ گرڈ اسٹیشن پر کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ جلسے میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مقررہ تاریخ تک عوامی مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں اپر چترال کے عوام گولین گول کی طرف لانگ مارچ کرینگے اور احتجاج میں مزید سختی لائینگے۔
جلسے میں پاک آرمی اور چترال سکاؤٹس کے حق میں نعرے لگائے گئے اور آرمی چیف، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس سے ذاتی دلچسپی لیکر مسئلہ حل کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔