پاکستان آرمی اور چترال سکاؤٹس کی طرف سے ارندو میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)پاکستان آرمی اور چترال سکاؤٹس نے پاک افغان سرحد پر واقع چترال کے دوردرازقصبے ارندو میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں چترال سکاؤٹس ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال کے ڈاکٹروں نے حصہ لیا۔افواج پاکستان کی طرف سے منعقد ہونے والے اس میڈیکل کیمپ میں 621مرد وخواتین اور بچوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس و چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین نے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور عمائدین سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر کرنل معین الدین نے عمائدین سے علاقے کے مسائل کی بابت گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاک آرمی اور چترال سکاؤٹس کی طرف سے علاقے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن تعاؤن فراہم کیا جائے گا۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے علاقے کے مستحق خاندانوں میں راشن پیکج بھی تقسیم کئے۔

بعد ازاں کرنل معین الدین نے ایس آرایس پی کے PATRIPپراجیکٹ کے تحت شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کا دورہ کیا۔ایس آر ایس پی پراجیکٹ کے تحت ارندو کے مختلف پرائمری،مڈل اور ہائیر سیکنڈری سکول میں مختلف تعمیراتی کام ،اضافی کلاس رومز اورسولر پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔اور سکول کے بچوں میں تحفے اور سویٹس تقسیم کی ۔کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کی اہلیہ اور ڈی ای او فیمل چترال نے ایس آر ایس پی پراجیکٹ کے تحت بننے والے ویمن ووکشنل سنٹر کا افتتاح کیا۔ویمن ووکشنل سنٹر میں 30دن کیلئے سلائی وکڑائی کورس کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔جس میں 20سے زائد خواتین حصہ لے رہی ہیں۔