چترال ٹاؤن میں آتشزدگی،لاکھوں کا نقصان ہو گیا

اشتہارات

چترال (نامہ نگار)چترال شہر کے وسط میں تبلیغی مرکز کے قریب آتشزدگی کے واقعے میں ایک مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا جس کی وجہ سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب سابق سیکرٹری موسی خان کے کرائے کے مکان میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے عمارت میں قائم عارفہ کریم کمپیوٹر سنٹر، دستکاری سنٹر اور ایک رہائشی کمرہ بمع سامان جل کر راکھ کے ڈھیر میں بدل گئے۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکی تاہم بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ آگ مکان میں مقیم ایک کرایہ دار کے رہائشی کمرے میں بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے عارفہ کریم کمپیوٹر سنٹر کے پانچ کمرے، فرنیچر،متعدد کمپیوٹر، سکینر،جنریٹر اور دستکاری سنٹر کے تمام فرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگئے ۔