حکومت کی حج پالیسی عوام کو حج سے روکنے کی عملاً کوشش ہے/شیر رحیم

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)کلرکس ایسوسی ایشن ضلع چترال کے سابق صدر شیر رحیم خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حج اخراجات میں اضافہ کرکے پاکستان کے عوام کو مدینہ جانے سے عملاً روک رہی ہے جو کہ افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے۔ یہاں جاری کئے گئے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات عوام کو حج سے روکنے کے مترادف ہیں اور نتیجتاً عوام کی بد دعائیں انکا مقدر بنیں گی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیسی مدینہ جیسی ریاست ہے جو عوام کے لئے حج مشکل بنا رہی ہے، حکومت کی حج پالیسی ایک بڑی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوئی ہے، اشیاء خوردنوش آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور غریب کو دو وقت کی روٹی سے بھی محروم رکھا گیا ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت حج اخراجات میں اضافہ فوری طورپر واپس لیا جائے کیونکہ موجودہ حج پالیسی پاکستانی عوام کے خلاف ظلم کی انتہا ء ہے جسکی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ناقص حج پالیسی کی وجہ سے ضلع چترال کے اکثر لوگ بینکوں سے روپے واپس لینے پر مجبورہیں۔