گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گرم چشمہ کی منظوری لوٹ کوہ کے عوام کے لئے تحفہ ہے/پی ٹی آئی قیادت

اشتہارات

پشاور(نامہ نگار)گذشتہ روز پشاور میں پاکستان تحریک انصاف چترال کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے وزیرزادہ نے کہا کہ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں، جب بھی کوئی مسئلہ لیکر ان کے پاس آتے ہیں تو وہ ان کے ساتھ ملکر متعلقہ محکموں کا دورہ کرتے ہیں اور مسائل کو بروقت حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ عوامی خدمت کے لئے صبح سے لیکر شام تک موبائل فون آن رکھا جاتا ہے ، ماضی کی طرح کوئی یہ شکوہ نہیں کرسکتا کہ ایم پی اے فون نہیں اٹھا رہا۔ ہم نے ان پانچ چھ مہینوں میں ایک بات نوٹ کیا کہ چترالی عوام کا بھروسہ نمائندوں سے اٹھ گیا اور جب تک کام پورا نہیں ہوتا لوگ اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ کیونکہ گذشتہ دور کے ایم پی ایز عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لئے اور اسی وجہ سے اکثر لوگ بھروسہ نہیں کرتے۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے ڈگری کالج گرم چشمہ ایک تحفہ ہے جو علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو اب حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف چترال ابھی تک یونیورسٹی ایکٹ میں شامل نہیں تھا اس سلسلے میں پی ڈی چترال یونیورسٹی کے ساتھ ملکر لاء منسٹر اور دیگر متعلقہ اداروں سے ملاقات کرکے یونیورسٹی آف چترال کو بھی یونیورسٹی ایکٹ کے تحت کام کرنے کی منظوری دلوائی۔ سال 2015کے تباہ کن سیلاب کے بعد جو کام ایڈوانس میں کروائے گئے تھے مگر ابھی تک وہ بقایاجات نہیں ملے تھے۔ تحصیل ناظم اور ضلع ناظم کا آپس میں چپقلش اور ایم پی اے صاحبان کا ورکنگ تعلق نہ ہونے کی وجہ سے یہ رقم اب تک نہیں ملے تھے مگر ہم نے اس سلسلے میں سی ایم سیکرٹریٹ سے خصوصی منظوری لیکر یہ مسلہ حل کروایئے مگر شرط یہ رکھا کیا ہے کہ جانچ پڑتال کے بعد یہ رقم دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم اے کے سات کروڑ روپے بھی پچھلے تین سالوں سے بقایا تھے ان کے لئے بھی سی ایم سیکرٹریٹ سے ڈائریکٹو جاری کروا کر یہ مسئلہ بھی حل کروایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش جاری ہے کہ خدمت کو یقینی بنائیں اور اس مقصد کے لئے دن رات حاضر ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ خدمت ہی میں کامیابی ہے۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے دیگرسینئر قائدین بھی شریک تھے جن میں رحمت غازی چیف سرتاج احمد خان،حاجی سلطان، عبدالرازاق،محمد ارشاد، محمد حسین، شیر جہاں ساحل، فضل اعظم شامل ہیں۔ گرم چشمہ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے شرکاء اجلاس نے خوشی کا اظہار کیا کہ یہ کالج کی منظوری لٹکوہ کے عوام کے لئے تحریک انصاف کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے۔ سرتاج احمد خان نے کہا کہ پندرہ سال سے اقتدار لٹکوہ میں تھا مگر کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہوئے جو افسوسناک ہے۔ اجلاس کے آخر میں کالج کی نوٹیفکیشن لٹکوہ کے نمائندوں کے حوالے کیا گیا اور ملکر چترال اور چترالی عوام کے مفاد لئے جد وجہد کو جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے عوامی امنگوں کے مطابق ترجمانی کرنے پر زور دیا گیا تاکہ پارٹی کو ضلع بھر میں ایک مضبوط طاقت بنایا جا سکے۔