ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال نے سرحدی قصبے ارندو میں کھلی کچہری منعقد کی

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچترال محمد فرقان بلال(پی ایس پی) نے پاک افغان سرحد پر واقع قصبے ارندو میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں علاقہ عمائدین، مشران،پی ایل سی ممبران اورویلیج کونسل کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں مقامی عمائدین نے ڈی۔پی۔او چترال کوعلاقہ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈی۔پی۔او چترال نے پولیس سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے موقع پراحکامات جاری کیے۔علاقہ میں تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل سے متعلق ڈی۔ پی۔اوچترال نے چترال پولیس میں سے 4 قابل اساتذہ مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کیے جوآنے والے ہفتے سے ارندو کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے منور کرینگے۔ کھلی کچہری میں دیگر محکموں کے مسائل سے متعلق استدعا کی گئی کہ ڈی۔پی۔اوچترال ان عوامی مسائل کو دیگرمحکموں کے افسران بالا کے گوش گزار کریں ۔ ڈی پی اوچترال نیاس بات کی بھی یقین دہانی کی کہ وہ انکے تحفظات اور مطالبات متعلقہ اداروں کے سربراہان تک پہنچائینگے۔کھلی کچہری میں پی ایل سی ممبران کی موجودگی کوغنیمت جان کر ڈی پی او چترال نے علاقائی سطح پر ہونیوالے مسائل کو باہمی مشاورت اورجرگہ سسٹم کے تحت حل کرنے کی ہدایت کی اوران کی سابقہ کارگردگی کو بھی سراہا۔آخرمیں ڈی پی اوچترال نے ارندو کے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ آئندہ ہونے والی کھلی کچہری میں ضلعی سربراہان کو شرکت کی دعوت دینگے۔