خدمات تک رسائی کمیشن کے زیر اہتمام کوغوزی میں عوامی مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا

اشتہارات

کوغوزی(ایم فاروق)خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے صوبائی حکومت کی طرف سے قائم شدہ ادارے ’’ رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن‘‘ کی طرف سے عوامی خدمات کے حصول اور مشکلات کے ازالے کے حوالے کوغوزی میں آگاہی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جسمیں ویلج کونسل ناظم خورشید حسین مغل ایڈوکیٹ، نائب ناظم ناظم اعجاز احمد، سیاسی و سماجی عمائدین شریف حسین، کبیراللہ، شمس الدین سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کیں۔ اجلاس میں RTSکمیشن کے ضلعی مانیٹرنگ آفیسر منیر احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء سے گفتگو کے دوران کمیشن کے قیام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا آر ٹی ایس کمیشن عوام کی خدمات تک رسائی، بروقت فراہمی اور شفاف انداز میں خدمات کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں عوام کو خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو مناسب خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک عوامی سطح پر خدمات تک رسائی کے حوالے قانون اور اس سلسلے میں قائم شدہ کمیشن کے بارے میں آگاہی حاصل نہیں اور اس وجہ سے لوگ اس کمیشن سے استفادہ بھی نہیں کر رہے ہیں۔ خدمات کی فراہمی کے حوالے سے کمیشن کے ضلعی مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ اس ادارے کی زیر نگرانی 19 خدمات جن میں ایف۔آئی۔آر رجسٹریشن، تمام گاڑیوں کی لائسنس کا اجراء، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، زمین کی فرد، اسلحہ لائسنس بنانے کا عمل، زمین کے حدود کا تعین، رجسٹرڈ دستاویزات کے مصدقہ کاپیوں کا اجراء، بلڈنگ پلان، اندرون و بیرون شہر کاروباری عمارات کے ڈیزائن کی منظوری، پینے کے پانی کا کنکش، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، علاقے میں کوڑا کرکٹ کی صفائی و ستھرائی، عمارتی لکڑی کا پرمٹ، ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور ایمرجنسی خدمات کی یقین دہانی، ادویات کے لائسنس کا اجراء، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ذکواۃ کمیٹی سے فنڈ کا اجراء (جہیز فنڈ، تعلیمی وظائف وغیرہ) شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مندرجہ بالا خدمات کی فراہمی کے وقت تاخیر یا بروقت فراہمی نہ ہونے کی صورت میں ادارہ رائٹ ٹو سروسز کمیشن ان متعلقہ سرکاری اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا پابند ہے کیونکہ یہ ادارہ ہی عوام کی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ لیکن ضرورت اس امر کی کہ عوام اس ادارے کو ساتھ لیکر چلے تاکہ انکے مسائل با آسانی حل ہوسکیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر منیر احمد نے کہا کہ عنقریب کوغوزی میں اس سلسلے میں ایک بڑاعوامی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں کوغوزی و برغوزی کے عوام کو مدعو کیا جائے گا۔