ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین نے دولوموچ کیلئے فراہمی آب منصوبے کا افتتاح کیا

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) چترال کے مضافاتی علاقے دولوموچ ، چنار کالونی کیلئے پہلی بار باضابطہ طور پرپینے کے صاف پانی کی فراہمی کابندوبست کیا گیا ۔ آغاخان ایجنسی فار ہبیٹیٹ (AKAH) کی طر ف سے مذکورہ علاقے کو پینے کی صاف پانی کے فراہمی کے منصوبے پر ڈیڑھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ گذشتہ دنوں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال منہاس الدین اس بڑے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ادارے کے انجینئر الطاف نے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے شہزادہ کرنل شریف نے مفت زمین فراہم کی جس پر دریائے چترال کے کنارے انتیس 29 فٹ گہرا پانی کا تالاب بناکر اس میں دریا کے فلٹر شدہ پانی کو مین روڈ سے دوسو فٹ اونچائی پر واقع دولوموچ کالونی کو فراہم کی گئی ہے۔ یہ سین لشٹ اور آس پاس کے علاقوں کو ملحوظ نظر رکھ کر یہ منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس منصوبے سے چار ہزار لوگ استفادہ کرسکیں گے۔ 180 ہارس پاؤر کا بجلی کا موٹر لگا ہے جو 26 لٹر پانی فی سیکنڈ اوپر پہنچاتا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے AKAH کے ریجنل پروگرام منیجر محمد کرم اور دیگر عمائدین کے ساتھ کالونی میں اوپر چڑھ کر واٹر ٹینکر کا معائنہ کیا ۔ اس ٹینکی سے مختلف پائپ لائن کے ذریعے پانی گھرو ں اور کھیتوں میں جاتا ہے۔ اس سلسلے میں کمیونٹی بیسڈ سکول میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب بھی منعقد ہوا جس سے علاقے کے عمائدین اور ادارے کے نمائندوں نے اظہار خیال کیا۔اس منصوبے کے افتتاح کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منہاس الدین نے کہا کہ ہم ان اداروں کے مشکور ہیں جو حکومتی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ترقیاتی کام کررہے ہیں، اگر چہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے مگر حکومت کے پاس وسائل کی کمی اور چترال کا رقبے کے لحاظ سے بہت بڑے ضلع کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہے کہ ہر کام سرکار ہی کرے ،اس میں غیر سرکاری ادارے بھی قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے AKAH کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنے کم لاگت پر اتنا بڑا منصوبہ کامیاب کرکے عوام کے حوالہ کرنا یقیناًقابل تعریف بات ہے۔
تقریب سے لیاقت علی، ظہران شاہ، محمد کرم اور دیگر نمائندوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن بننے کے بعد یہ پہلا کامیاب منصوبہ ہے جو اس پورے علاقے کے عوام اور زمینات کو بھی سیراب کرتا ہے۔تقریب میں مہمانوں کو چترال کے روایتی ٹوپی بھی پیش کئے گئے۔
ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے شمس الرحمان تاجک نے کہا کہ AKAH چترال بھر میں پانی کی فراہمی کے 22 منصوبے مکمل کرچکا ہے جس سے 70 ہزار لوگ استفادہ کررہے ہیں اور آج کا یہ منصوبہ بھی عوام کو صاف پانی فراہم کرنے کی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔
دولوموچ کی رہائشی خاتون زبیدہ پروین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے علاقے کو پانی کی فراہمی پر انتہائی مسرت کا اظہارکیا اور کہا کہ اس سے بڑھ کر خوشی کا موقع کیا ہوسکتا ہے کہ اس بے آب و گیاہ بستی کو برسوں بعد پانی میسر آیا جوکہ نہ صرف گھریلو استعمال کیلئے وافر ہے بلکہ اس سے یہاں پر زمینات کوسیراب کیا جا سکتا ہے، یہاں پر گھاس اگے گی، چھوٹے پر پیمانے پر زراعت کو فروغ حاصل ہو گا اوریہ علاقہ سر سبز و شاداب بن جائیگا۔