بچوں کا عالمی دن: تقریبات، بیانات اور زمینی حقائق — ہمارے بچے کب محفوظ ہوں گے؟/تحریر: بشیر حسین آزاد
ادارے کا کسی مراسلہ نگار/مضمون نویس کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، ہر مراسلے یا مضمون کے مندرجات فاضل مصنف کے خیالات، رائے اور تجزیہ سمجھے جائیں (ادارہ)

دنیا بھر میں ہر سال 20 نومبر کو بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال کی روشنی میں بچوں کے تحفظ، تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان میں بھی اس موقع پر سرکاری و غیر سرکاری سطح پر سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے اور وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ و دیگر حکام کی جانب سے بچوں کو قوم کا مستقبل قرار دیتے ہوئے بڑے بڑے عزم کا اظہار کیا جاتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ان خوبصورت بیانات کے باوجود ہمارے معاشرے میں بچوں کی حالت زار کیوں نہیں بدل رہی؟ کیا بچوں کے حقوق محض ایک دن کی تقریبات اور اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں؟
آج مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے غریب خاندانوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ معاشی مشکلات کے باعث بعض والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے ذریعہ آمدن بنانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً ملک کے تقریباً ہر ضلع کے بازاروں، گلی کوچوں، ہوٹلوں، ورکشاپوں، دکانوں اور مساجد کے باہر کم عمر بچے بھیک مانگتے، اشیا فروخت کرتے اور سخت مشقت کرتے نظر آتے ہیں۔
افسوس کہ ہمارے ہاں بچوں سے محنت لینے کو غربت کا تقاضا سمجھ کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، حالانکہ جس عمر میں ان کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم ہونا چاہیے، اس عمر میں انہیں ہوٹلوں میں برتن دھونے یا ورکشاپوں میں اوزار اٹھانے پر مجبور کرنا ان کے مستقبل کے ساتھ کھلا ظلم ہے۔ اس کے ساتھ ہی بچوں سے بھیک منگوانا ایک سنگین سماجی المیہ بن چکا ہے، جس کے پیچھے معاشی مجبوری کے ساتھ ساتھ منظم بھکاری گروہوں اور معاشرتی بے حسی کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔
دینِ اسلام نے بچوں کی پرورش، تعلیم اور شفقت پر غیر معمولی زور دیا ہے۔ قرآن کریم میں اولاد کو اللہ کی عطا اور امانت قرار دیا گیا ہے، جبکہ نبی کریم ﷺ نے بچوں کے ساتھ محبت، رحمت اور حسنِ سلوک کا عملی نمونہ پیش کیا۔ اسلام میں حلال روزی کمانے کی بڑی فضیلت ہے، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کم عمر بچوں کی صحت اور تعلیم کو داؤ پر لگا کر انہیں مشقت میں جھونک دیا جائے۔
یہاں والدین کو بھی خود احتسابی کرنی ہوگی کہ کیا وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہیں؟ غربت یقیناً ایک تلخ حقیقت ہے، مگر اس کا حل بچوں کے بچپن کی قربانی نہیں ہونا چاہیے۔ والدین پر لازم ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق اولاد کی کفالت اور تربیت کریں، اور اگر کوئی خاندان شدید معاشی بحران کا شکار ہے تو اس کا ہاتھ تھامنا ریاست اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
ملک میں چائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے قوانین موجود ہیں، لیکن مؤثر عملدرآمد کا فقدان اصل مسئلہ ہے۔ محض بازاروں سے بھکاری بچوں کو ہٹا دینا کافی نہیں، بلکہ ایسے مستحق خاندانوں کی نشاندہی کر کے انہیں سماجی تحفظ فراہم کرنا ہوگا تاکہ کوئی ماں باپ بچوں سے مشقت لینے پر مجبور نہ ہو۔ متعلقہ محکموں کو چاہیے کہ وہ کاروباری مراکز کا باقاعدہ معائنہ کریں اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔
بالخصوص چترال جیسے علاقوں میں بھی بازاروں، ہوٹلوں اور ورکشاپوں میں کم عمر بچوں کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر، پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کو باہمی رابطے سے ایک فعال نظام بنانا ہوگا۔ اسکولوں سے باہر بچوں کا مستند سروے کر کے انہیں دوبارہ تعلیم کے دھارے میں لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اس مشن میں میڈیا، علمائے کرام، اساتذہ اور سول سوسائٹی کا کردار بھی کلیدی ہے۔ مساجد کے منبر سے والدین کے فرائض اور بچوں کے حقوق پر روشنی ڈالی جائے، تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائی جائے اور میڈیا اس مسئلے کو صرف 20 نومبر تک محدود رکھنے کے بجائے سال بھر اجاگر کرے۔
حقیقت یہ ہے کہ قوموں کی ترقی بلند عمارتوں اور شاہراہوں سے نہیں بلکہ اس بات سے ناپی جاتی ہے کہ وہاں بچے کتنے محفوظ اور تعلیم یافتہ ہیں۔ بچوں کا عالمی دن ہمیں محض تقاریر کرنے کا نہیں بلکہ اپنے اجتماعی ضمیر کا جائزہ لینے کا موقع دیتا ہے۔
آئیے! اس دن کو محض رسم کے طور پر منانے کے بجائے عملی کردار ادا کریں اور بچوں کے ہاتھوں سے بھیک کا کشکول اور مشقت کے اوزار چھین کر انہیں کتاب اور قلم تھمائیں، کیونکہ آج کے محفوظ اور باکردار بچے ہی کل کے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔