عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال سے پہلے رہا نہیں ہو سکتا: سپریم کورٹ
15 سال حقیقی قید مکمل کیے بغیر انتظامی امور کے ذریعے مجرم کی رہائی قانون کی نظر میں کالعدم ہے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے قیدی کی قبل از وقت رہائی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ایسا قیدی جسے کسی مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہو، وہ اس وقت تک رہا نہیں کیا جاسکتا جب تک پندرہ سال جیل میں نہیں گزار لیتا۔
سپریم کورٹ نے یہ تحریری فیصلہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم کو نو سال جیل میں گزارنے کے بعد رہا کیے جانے کے متعلق مقدمے میں جاری کیا۔
مجرم گل نواب نے سنہ 2003 میں معمولی رنجش پر اپنے بھائی کو قتل کردیا تھا۔
مقامی پولیس نے کبیراں بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ قتل کے مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا۔
12 سال مفرور رہنے کے بعد گل نواب کو سنہ 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم گذشتہ برس اکتوبر میں گل نواب کو رہا کردیا گیا تھا۔ اس طرح مجرم نے جیل میں مجموعی طور پر نو سال 11 ماہ اور 16 دن گزارے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکٹر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 15 سال حقیقی قید مکمل کیے بغیر انتظامی امور کے ذریعے مجرم کی رہائی قانون کی نظر میں کالعدم ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جیل حکام مختلف اوقات میں دی جانے والی معافیوں کو جمع کر کے عمر قید کی سزا 15 سال سے کسی صورت کم نہیں کر سکتے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کر کے جیل کے حکام آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کے اختیارات اپنے طور پر استعمال نہیں کرسکتے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں اس مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مردان کی سینٹرل جیل کی رپورٹ کے مطابق مجرم گل نواب کو مجموعی طور پر 15 سال 6 ماہ 14 دن کی معافی دی گئی تھی اور وہ 9 سال 11 ماہ قید کاٹ کر رہا ہو گیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں گل نواب کو فوری گرفتار کرکے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا اور کہا ہے کہ مجرم کو باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل میں رکھا جائے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا ہے کہ مجرم جتنا عرصہ بھی باہر رہا ہے اس کو قید کی مدت میں شمار نہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو مجرم کی گرفتاری کے لیے نیا وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کو کسی بھی قیدی کی سزا معاف یا کم کرنے کا غیر محدود اختیار حاصل ہے۔ فیصلے کے مطابق کسی بھی مقدمے میں خصوصی صدارتی معافی برقرار رہے گی تاہم حقیقی قید 15 سال سے کم نہیں ہو سکتی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر عمومی معافی سے عمر قید کے قیدی کی قید 15 سال سے کم ہو رہی ہو تو اسے ضروری حد تک کم کیا جائے گا۔
عدالت نے ملک بھر کی تمام جیلوں کے سربراہوں کو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہر قیدی کی سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات ٹرائل کورٹ کو بھجوانے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ انتظامی غفلت اور متعقلہ حکام کی جانب سے غیر ائینی طریقے سے دی جانے والی غیر مجاز رعایتوں سے عدالتی فیصلوں کی ساکھ متاثر نہیں ہونے دی جا سکتی۔
عدالت نے خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں میں 21 اکتوبر 2026 کی انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کا حکم دیا اور اس کے ساتھ ساتھ عدالتی فیصلے کی نقل تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارز کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جی جیل خانہ جات کو بھجوانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے دور میں ایک درخواست آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی سزاؤں میں چوبیس گھنٹوں کو ایک ہی دن تصور کیا جائے تاہم اس درخواست پر مزید عدالتی کارروائی نہیں ہوسکی۔
اسلام آباد کی ماڈل جیل کے سپرنٹینڈنٹ علی اکبر کا کہنا ہے کہ یہ تصور غلط ہے کہ جیل میں قیدی کے دن رات الگ الگ شمار کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک دن چوبیس گھنٹوں کا ہوتا ہے تاہم کسی بھی قیدی کے اچھے رویے کو دیکھتے ہوئے جیل سپرنٹینڈنٹ اور ہوم سیکرٹری بھی مجرم کی قیدی میں کمی کرنے کے مجاز ہیں۔