افغان طالبان کو ہفتہ وار 4 کروڑ ڈالر کی نقد فراہمی فوری طور پر روک دیجائے، سابق افغان نائب صدر کا مطالبہ

وقت آگیا ہے کہ دوحہ معاہدے کے خفیہ شرائط منظر عام پر لائے جائیں، امر اللہ صالح

اشتہارات

افغان طالبان کو ہفتہ وار 4 کروڑ ڈالر کی نقد فراہمی فوری طور پر روک دیجائے، سابق افغان نائب صدر کا مطالبہ

اسلام آباد (س،م،ڈ) سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ طالبان کو مبینہ طور پر ہر ہفتے بھیجی جانے والی 4 کروڑ ڈالر کی نقد رقم کی ترسیل فوری طور پر بند کی جائے۔ انہوں نے اس ادائیگی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے دوحہ معاہدے کے خفیہ ضمیموں کو بھی منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں امراللہ صالح نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ طالبان کو رقم کی ترسیل روک دے۔ انہوں نے اس دعوے کو جھوٹ قرار دے کر مسترد کرنے کے بجائے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے حلقوں سے اس کی تصدیق کرنے کا کہا۔

امراللہ صالح نے دوحہ معاہدے کے خفیہ ضمیموں کو بھی منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا ان خفیہ شقوں میں افغان لڑکیوں کے اسکولوں کی مسلسل بندش، افغانستان سے تعلیم یافتہ اور ہنرمند افراد کی بیرونِ ملک منتقلی اور افغان عوام پر مظالم جیسے معاملات بھی شامل تھے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سچائی کا سامنا کیا جائے، کیونکہ حقیقت کو چھپایا اور حقائق کو دفن نہیں کیا جا سکتا۔

امراللہ صالح کے اس بیان نے طالبان حکام کو مبینہ طور پر فراہم کی جانے والی نقد رقوم اور دوحہ معاہدے سے متعلق انتظامات میں شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ دوحہ معاہدے نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی راہ ہموار کی تھی، جس کے بعد اگست 2021 میں طالبان دوبارہ اقتدار میں آگئے تھے۔

امراللہ صالح کے دعوے میں مزید کوئی تفصیل شامل نہیں کہ مبینہ طور پر بھیجی جانی والی رقم کس مد میں اور کہاں سے آتی اور اسے کہاں کہاں استعمال کیا جاتا ہے۔