افغانستان کے صوبے نورستان میں طالبان اور افغانستان فریڈم فرنٹ کے مابین جھڑپیں

اشتہارات

پشاور(م،ڈ) افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان کے کم از کم دو اضلاع میں طالبان مخالف دھڑے نے متعدد اہداف پر حملے کرتے ہوئے افغان طالبان سیکورٹی فورسز کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چترال سے متصل صوبہ نورستان کے اضلاع کامدیش اور برگمٹال کے متعدد مقاما ت پر افغان مزاحمتی گروہ ’’ افغانستان فریڈم فرنٹ ‘‘ یا AFF کے فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

کامدیشن کے قصبے گوردیشں پر حملے دوران متعدد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔اسی طرح صوبہ کنڑ کے ضلع ’’ ناڑے‘‘ میں بھی مزاحمتی فورسز اور طالبان سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

افغان فریڈم فرنٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اسوقت نورستان اور کنٹر کے کئی ایک علاقوں میں طالبان کو سخت نقصان پہنچانے اور کئی ایک دیہات پر قبضہ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم 37طالبان جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر فوجی سازو سامان فریڈم فرنٹ کے کمانڈوز کے ہاتھ لگے ہیں۔

دوسری طرف افغان طالبان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گوردیش پر حملہ کرنے والے گروہ کے اہلکاروں کو پسپا کیا گیا ہے جبکہ کئی ایک کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ انہوں نےکہا کہ حالات کنٹرول میں ہیں۔

نورستان کے یہ سرحدی اضلاع چترال کے سرحد پر واقع ہیں۔