اپر چترال میں اساتذہ کے لئے تین روزہ کھوار رائٹرز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

بونی (س،م،ڈ) فورم فار لینگویج انیشی ایٹیو (FLI) کے زیرِ اہتمام بونی، اپر چترال میں سرکاری اساتذہ کے لیے منعقدہ تین روزہ ”کھوار رائٹرز ورکشاپ“ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) میل اپر چترال عبدالمالک آفریدی تھے، جنہوں نے ورکشاپ کے شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
ورکشاپ میں اپر چترال کے مختلف سرکاری اسکولوں سے 25 مرد اور 25 خواتین اساتذہ نے شرکت کی۔ تین روز تک جاری رہنے والی ان تربیتی نشستوں میں ماہرلسانیات فرید احمد رضا نے اساتذہ کو کھوار رسم الخط، املا، جملہ سازی اور تحریری مہارتوں پر عملی اور جامع تربیت فراہم کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹریننگ کوآرڈینیٹر و منیجر ایف ایل آئی نسیم حیدر نے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپس سے نا صرف اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ کھوار زبان کو دیگر باقاعدہ زبانوں کی صف میں ممتاز مقام حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
مہمان خصوصی ڈی ای او میل عبدالمالک آفریدی نے اپنے خطاب میں ایف ایل آئی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادری زبان کی ترویج و اشاعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کھوار زبان و ادب کے فروغ کے لیے آئندہ بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا۔
اختتامی تقریب میں ایس ڈی ای او میل تورکہو/موڑکہو شریف الدین، اے ایس ڈی ای او اعجاز احمد، اے ایس ڈی ای او (پی اینڈ ڈی) جمیل احمد، اے ڈی ای او اسپورٹس راجہ ذوالفقار علی شاہ اور مقامی پریس کلب کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔