اہلیان لاسپور کا ایم این اے غزالہ انجم کی چترال کے لیے خدمات پر خراج تحسین، بجلی، فائبر آپٹک اور سڑک کی تعمیر کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ

اشتہارات

​چترال (بشیرحسین آزاد) سابقہ وی سی ناظم آنریری لیفٹننٹ شیر اعظم خان، صوبیدار میجر(ر) قلندر شاہ، میر باچا خان زار قوباد اور زار احمد خان نے چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہلیان لاسپور کے اہم مشترکہ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد پریس کے سامنے پیش کی۔

یہ اجلاس حال ہی میں سردار احمد خان یفتالی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا جس میں وادی لاسپور کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اہلیان لاسپور ایم این اے غزالہ انجم کے بے حد ممنون ہیں جنہوں نے لاسپور میں موبائل نیٹ ورک کی خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے اپنے فوکل پرسن و جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) چترال لوئر محمد کوثر ایڈوکیٹ، تحصیل صدر خواجہ امتیاز حسین، جنرل سیکریٹری اپرچترال پرنس سلطان الملک، انفارمیشن سیکریٹری اپر ذاکر زخمی، اور صدر لیبر ونگ اپر چترال فضل الرحمن و فاروق ولی پر مشتمل ٹیم کو حقائق جانچنے کے لیے لاسپور بھیجا۔ اس ٹیم کی آمد اور کاوشوں سے موبائل نیٹ ورک کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو چکا ہے۔

​انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں ووٹ نہ ملنے کے باوجود ایم این اے غزالہ انجم کا چترال کی ترقی، لواری اپروچ روڈ، شندور روڈ، کیلاش ویلیز کی سڑکوں اور دانش ماڈل سکول کی تعمیر میں بنیادی کردار قابلِ تحسین ہے۔ رہنماؤں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم این اے غزالہ انجم کو مزید بااختیار بنائیں اور خصوصی فنڈز جاری کریں تاکہ چترال کے دور افتادہ علاقوں کے مسائل لوکل سطح پر حل ہو سکیں۔

​پریس کانفرنس میں اہلیان لاسپور کی جانب سے ​وادی لاسپور کے لیے فائبر آپٹک فوری فعال کرنے اور ہرچین لشٹ میں ٹیلی نار کا نیا ٹاور نصب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے ​لاسپور کو پیسکو (PESCO) گرڈ سے منسلک کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کی تعلیم اور مقامی کاروبار کو ہونے والے نقصان کا خاتمہ ہو سکے۔

​نمائندگان لاسپور نے وادی میں نیشنل بینک کی برانچ کے قیام کے عمل کو تیز کرنے اور ​شندور روڈ پر کام کے دوران شاہی داس سے لے کر سور لاسپور شپیر ماڑی تک عوام کی زیر کاشت زمینوں، فصلوں، پھلدار درختوں اور آبپاشی کے نالوں کو شدید نقصان پہنچنے کو بیان کرتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ان نقصانات کا ازسر سو تخمینہ لگانے اور متاثرین کو فوری کمپنسیشن فراہم کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔

​آخر میں رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی چترال کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ اہلیانِ لاسپور وزیراعظم میاں شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ وہ وادیِ لاسپور پر اپنا دستِ شفقت برقرار رکھیں گے۔