27 ستمبر کے احتجاج کی تیاریاں،تحریک انصاف لوئر چترال کا مشاورتی اجلاس، تیاریاں شروع

لوئر چترال (چمرکھن) پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال نے 27ستمبر کے پارٹی احتجاج کے حوالے سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت، ممبر صوبائی اسمبلی و ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال مہتر فاتح الملک علی ناصر کی زیر صدارت تحصیل چترال کے تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران احتجاج کو پرامن، منظم اور کامیاب بنانے، کارکنان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کا احتجاج آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے جاری سیاسی و جمہوری جدوجہد کا اہم سنگ میل ہوگا۔
رہنماؤں نے کہا کہ لوئر چترال سے کارکنان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں گے اور پی ٹی آئی کا ہر کارکن اس دن کو اتحاد، نظم و ضبط اور عوامی قوت کے اظہار کا دن بنائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر عہدیداران اور کارکنان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 27 ستمبر کو چترال سے ایک مضبوط اور پرامن پیغام دیا جائے گا۔