ایم پی اے لوئر چترال فاتح الملک ناصر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سٹاف نرسز ہاسٹل کا باضابطہ افتتاح کر دیا

چترال (بشیر حسین آزاد) ضلع لوئر چترال سے رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (DDAC) ، صدر پاکستان تحریک انصاف (PTI) لوئر چترال مہتر فاتح الملک علی ناصر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال چترال کی حدود میں نوتعمیر شدہ سٹاف نرسز ہاسٹل کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس پروقار تقریب میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر فیاض رومی سمیت علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدینِ شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں موجود عمائدین نے ہسپتال کے اندر اس رہائشی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی حدود میں نرسنگ سٹاف کے لیے ہاسٹل کی سہولت فعال ہونے سے نرسز کی چوبیس گھنٹے مستقل موجودگی یقینی ہوگی، جس کا براہِ راست فائدہ غریب مریضوں کو پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نظامِ صحت میں نرسنگ سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ داخل مریضوں کی دیکھ بھال میں ان کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے فتح الملک علی ناصر نے کہا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو (وزیراعلیٰ) سہیل آفریدی کا بنیادی ہدف ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی حالتِ زار کو بہتر بنانا اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
صوبائی حکومت کا وژن پشاور اور دیگر بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنا ہے، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ہی بنیادی اور ثانوی صحت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔
تقریب کے اختتام پر ہسپتال کی مزید بہتری، نرسنگ سٹاف کی سہولیات اور علاقے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔