چترال میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، 11 لاکھ 28 ہزار روپے جرمانہ وصول

اشتہارات

چترال (بشیرحسین آزاد) ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال آصف علی شاہ نے کہا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی، ٹمبر کی اسمگلنگ اور ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف محکمہ جنگلات زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے چترال کے قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اپنے دفتر میں مقامی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ، فروغ اور شجرکاری محکمہ جنگلات کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس مقصد کے لیے محکمہ کے افسران اور اہلکار دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور جنگلات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔

ڈی ایف او آصف علی شاہ نے بتایا کہ قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

حالیہ مہم کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف 23 مقدمات درج کیے گئے، 9 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک اعشاریہ 128 ملین روپے (11 لاکھ 28 ہزار روپے) جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بار بار قانون شکنی کرنے والے 10 افراد کے خلاف قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں، ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی، لکڑی کی اسمگلنگ یا کسی بھی ماحول دشمن سرگرمی کی فوری اطلاع محکمہ جنگلات کی ہیلپ لائن 0943-413381 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔