اپر چترال پولیس کی کاروائی، بریپ قتل واقعے میں ملوث ملزم گرفتار

آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے

اشتہارات

بونی(چ،پ) اپرچترال پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بریپ قتل واقعے کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم جولائی کو رات کے اپر چترال کے قصبے بریپ میں جم لشٹ کے مقام پر مسمی بلبل اعظم اور اسکی اہلیہ پرنامعلوم فرد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مسمۃ شاہدہ بی بی جان بحق ہو گئے جبکہ انکے شوہر بلبل اعظم شدید زخمی ہوئے۔

پولیس بیان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور موقع سے اہم شواہد اکٹھے کیے اور متوفیہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی منتقل کیا۔ دوران پوسٹ مارٹم ضلعی پولیس سربراہ چترال اپر حمیداللہ PSP خود بھی ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی میں موجود رہے اور تمام قانونی کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔

قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تھانہ مستوج میں ایف آئی آر نمبر 24، مورخہ 02/07/2026، بجرم دفعات 302/324 تعزیراتِ پاکستان کے تحت نامعلوم ملزم/ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال اپر حمیداللہ کی ہدایات پر واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لئے کوشش شروع کی گئیں جبکہ تفتیش کے مختلف پہلوؤں پر پیشہ ورانہ انداز میں کام جاری رکھا گیا۔

بعد ازاں مجروح بلبل اعظم نے اپنے بیان میں مسمی زمان علی بیگ ولد روزی من بیگ سکنہ بریپ کو واقعے میں ملوث قرار دیتے ہوئے باقاعدہ نامزد کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال اپر حمیداللہ اور ایس پی انویسٹی گیشن چترال اپر اجمل خان کی ہدایات کی روشنی میں ایس ڈی پی او سرکل مستوج اکبر شاہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ مستوج انسپکٹر قربان علی،تفتیشی آفیسر انسپکٹر اکبر خان، ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ مستوج ایس آئی اکبر ولی اور I-O تھانہ مستوج نصاب علی پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

ٹیم نے مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا اور آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا۔ ابتدائی تفتیش اور ملزم سے ہونے والی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کی اہلیہ نے ان سے خلع حاصل کیا تھا اور ملزم کے مطابق مجروح بلبل اعظم اور مقتولہ مسماۃ شاہدہ بی بی کا خلع دلوانے میں اہم کردار تھا۔ اسی رنجش کو بنیاد بنا کر ملزم نے بہ ارادہ قتل ان پر فائرنگ کی۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپر چترال اپر پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے حساس مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ عوام کی بروقت اور درست معلومات مقدمات کی مؤثر تفتیش اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید برآں، صحافت سے وابستہ حضرات سے گزارش ہے کہ ایسے حساس واقعات کی رپورٹنگ کے دوران انتہائی ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ کسی بھی غیر مصدقہ یا من گھڑت خبر کو سوشل میڈیا پر نشر کرنے سے گریز کریں۔ خبر کی اشاعت سے قبل متعلقہ اداروں سے تصدیق اور مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں، تاکہ عوام تک درست، مصدقہ اور ذمہ دارانہ معلومات پہنچ سکیں۔

چترال اپر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری، شفافیت اور عزم کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔