تحصیل دروش میں ورچوئل کورٹ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا گیا

لوئر چترال کے عوام، وکلاء اور ضلعی عدالتوں کو پشاور ہائی کورٹ اور دارالقضاء سوات سے ورچوئل طور پر منسلک کر دیا گیا

اشتہارات

​​چترال (بشیرحسین آزاد) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لوئر چترال، محترمہ شہناز حمید خٹک نے مورخہ 23 جون 2026ء کو تحصیل دروش میں "ورچوئل کورٹ پوائنٹ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جسے مقامی عدالتی نظام میں ایک انتہائی اہم اور انقلابی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس جدید ترین سہولت کے ذریعے چترال کے عوام، مقامی وکلاء اور ضلعی عدالتوں کو دارالقضاء سوات اور پشاور ہائی کورٹ کے پرنسپل سیٹ کے ساتھ ورچوئل طور پر براہِ راست منسلک کر دیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ شہناز حمید خٹک نے کہا کہ اس جدید سہولت کی فراہمی سے چترال کے شہریوں اور وکلاء کو اب مقدمات کی سماعت کے لیے پشاور، سوات یا سرکٹ بینچ چترال لوئر کے طویل، کٹھن اور دشوار گزار سفر سے مستقل نجات مل جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام سے نہ صرف سائلین اور وکلاء کے وقت اور اخراجات کی نمایاں بچت ہوگی، بلکہ چترال کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت اور آسان انصاف کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لوئر چترال نے اس اہم منصوبے کو کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچانے پر معزز چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ، رجسٹرار دارالقضاء سوات اور ڈائریکٹر آئی ٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کی بصیرت افروز قیادت اور مسلسل تکنیکی رہنمائی کے باعث ہی یہ اہم سنگِ میل حاصل کرنا ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی عدلیہ لوئر چترال جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر اور دانشمندانہ استعمال کے ذریعے انصاف کی بروقت، آسان اور مؤثر فراہمی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔