تکال ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیراہتمام دروش میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب، ماحول دوست زراعت کے منصوبے کا افتتاح

دروش (نمائندہ خصوصی) تکال ویلفیئر آرگنائزیشن (TWO) نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے مالی تعاون سے، وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP)، پیغامِ پاکستان اور سینٹر آف ایکسیلنس فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (CVE) کے اشتراک سے عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں سرکاری افسران، سماجی رہنماؤں، خواتین، نوجوانوں، بزرگوں، معذور افراد، ویلیج آرگنائزیشنز کے اراکین اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں سمیت 50 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی زرعی توسیع افسر دروش، سکندر خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات، قدرتی وسائل کے تحفظ اور کلائمیٹ اسمارٹ زرعی طریقوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست زرعی اقدامات نہ صرف موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ زرعی پیداوار اور دیہی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب سے سیاسی وسماجی شخصیت رضیت بااللہ، سماجی شخصیت کمال عبدالجمیل اور ماہرِ لسانیات و ماحولیاتی امور عصمت اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پہاڑی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات زیادہ شدت سے محسوس کیے جا رہے ہیں، جن سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر اجتماعی اقدامات، عوامی آگاہی اور پائیدار ترقیاتی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
تقریب کی نمایاں سرگرمی خواتین کی زیر قیادت ’’کلائمیٹ اسمارٹ ٹنل فارمنگ‘‘ منصوبے کا افتتاح تھا۔
اس منصوبے کا مقصد دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، غذائی تحفظ کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں مقامی کمیونٹیز کی استعدادِ کار کو مضبوط بنانا ہے۔
مقررین نے اس منصوبے کو خواتین کی معاشی خودمختاری، موسمیاتی موافقت اور پائیدار زرعی ترقی کی جانب ایک مؤثر، قابلِ تقلید اور دیرپا ماڈل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں ماحول دوست زراعت اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ ملے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ماحول کے تحفظ، موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور لوئر چترال میں پائیدار، جامع اور ماحول دوست ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔