ٹی ایم اے چترال کا عید کے پہلے اور دوسرے روز گرینڈ صفائی آپریشن

چترال (بشیر حسین آزاد) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور تعفن سے محفوظ بنانے کے لیے عید کے تینوں دن بڑے پیمانے پر صفائی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ ٹی ایم او حیدر ایوب خان کی خصوصی ہدایات پر سینی ٹیشن عملہ دن رات خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
ٹی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قربانی کے فوری بعد گلیوں، بازاروں اور مختلف مقامات پر جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ پھیل گیا تھا، جس کے باعث شدید بدبو، مکھیوں کی بہتات اور جراثیم و وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
ٹی ایم اے کے متحرک عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آلائشیں اور دیگر کچرا جمع کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹی ایم او چترال حیدر ایوب خان نے کہا کہ عوام کو صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، اور اسی مقصد کے تحت ہمارا عملہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی فیلڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے چترال کے عوام سے پرزور اپیل کی کہ قربانی کی آلائشیں اور فضلہ کھلی جگہوں، سڑکوں یا ندی نالوں میں پھینکنے کے بجائے ٹی ایم اے کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر نصب مخصوص ڈسٹ بین پوائنٹس میں جمع کریں، تاکہ عملے کو انہیں بروقت اٹھانے میں آسانی ہو اور شہریوں کو بدبو اور آلودگی سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چترال کے شہری ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ٹی ایم اے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔