چترال میں کرپشن اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دروش میں احتجاجی مظاہرہ

عید کے بعد چترال میں کرپشن کے خلاف دھرنوں اور احتجاجی تحریک کا اعلان

اشتہارات

دروش(چ،پ) جماعت اسلامی چترال لوئر کے زیر اہتمام جمعہ کے روز ختم نبوت چوک دروش میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر ضلع وجیہ الدین نے کی۔ جلسے سے قیم ضلع عبدالحق، سلطان محمد، شجاع الحق بیگ اور امیر شریف نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مسائل پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جاری ملک گیر تحریک کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مقررین نے صوبے کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا اور گورننس سسٹم کو ناکام قرار دیا۔

اس موقع پر امیر ضلع وجیہ الدین نے اعلان کیا کہ عید کے بعد جماعت اسلامی چترال لوئر کرپشن کے خلاف تحریک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں یونین کونسل سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ چترال بازار میں دھرنوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر سطح پر عوام کی آواز بلند کرے گی۔