تھانہ دروش میں پولیس لیزان کمیٹی کا اجلاس، جرائم کے سد باب کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اشتہارات

چترال(چ،پ) عوام دوست پولیسنگ، کمیونٹی پولیسنگ اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے کے لیے لوئر چترال پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں پبلک لیزان کمیٹی (PLC) ممبران کے ساتھ اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ اقدامات ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ، سید فدا حسن شاہ، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال، رفعت اللہ خان، کی خصوصی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینا، جرائم کے خلاف شعور بیدار کرنا اور عوامی تعاون کے ذریعے امن و امان کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او سرکل دروش رحمان یوسف کی زیر صدارت تھانہ دروش میں پبلک لیزان کمیٹی ممبران کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایچ او تھانہ دروش سب انسپکٹر ابرار احمد، پولیس افسران اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او رحمان یوسف نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان جتنا زیادہ تعاون اور رابطہ ہوگا، اتنا ہی جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوام دوست پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او لوئر چترال کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں منشیات فروش عناصر کی نشاندہی کریں اور اس سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ایس ڈی پی او نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور غیر مقامی افراد کی موجودگی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

اجلاس کے اختتام پر پبلک لیزان کمیٹی ممبران نے منشیات فروشوں کے خلاف لوئر چترال پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے جرائم کی روک تھام اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔