لوئر چترال میں ذہنی صحت و صنفی تشدد کے متاثرین کیلئے خصوصی ڈیسک قائم، ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کیا

اشتہارات

لوئر چترال(چ،پ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے لوئر چترال میں ذہنی صحت و صنفی تشدد کے متاثرین کیلئے خصوصی ڈیسک کا افتتاح کر دیا۔

تفصیلات کے مطا بق محکمہ سماجی بہبود، اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن امپاورمنٹ خیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کے اشتراک سے ذہنی صحت اور صنفی بنیاد پر تشدد (GBV) سے متاثرہ افراد کی معاونت کیلئے ایک خصوصی مینٹل ہیلتھ اینڈ جی بی وی ڈیسک قائم کر دیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ذہنی دباؤ، نفسیاتی مسائل اور صنفی تشدد کا شکار افراد کو فوری معاونت، پیشہ ورانہ رہنمائی اور متعلقہ اداروں تک بروقت رسائی فراہم کرنا ہے۔ ڈیسک کے تحت آگاہی، کونسلنگ، ریفرل سروسز اور متاثرین کی بحالی جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔

ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم نے کہا کہ ذہنی صحت کا تحفظ اور کمزور طبقات کی فلاح ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈیسک کے قیام سے متاثرہ افراد کو فوری اور مؤثر سہولیات میسر آئیں گی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر خضر حیات، دیگر متعلقہ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور اس اقدام کو سراہا گیا۔

متاثرہ افراد فوری مدد اور رہنمائی کیلئے واٹس ایپ نمبر 03265894735 اور ہیلپ لائن 0943-412914 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔