ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی ہدایت پر اپر چترال کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر اور کھمبوں کی تنصیب

اشتہارات

اپر چترال (چ،پ) ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا ثریا بی بی کی خصوصی ہدایات پر اپر چترال کے مختلف علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز اور کھمبوں کی ترسیل اور تنصیب کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے علاقے میں بجلی کی صورتحال بہتر ہونے اور صارفین کو درپیش مسائل میں کمی آنے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کے فوکل پرسن افگن رضا اور چیئرمین پاور کمیٹی اپر چترال عنایت اللہ کی نگرانی میں، ثریا بی بی کی ہدایت پر رائین تورکھو، ورکھوپ سمیت دیگر علاقوں میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبے فراہم کیے گئے، جنہیں فوری طور پر نصب بھی کر دیا گیا۔ یہ اقدام علاقہ مکینوں کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پاور کمیٹی عنایت اللہ نے کہا کہ اپر چترال میں بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے پاور کمیٹی، ڈپٹی اسپیکر کی ہدایات کی روشنی میں مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں بھی مختلف علاقوں میں بجلی کے پولز اور ٹرانسفارمرز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ڈپٹی اسپیکر کے فوکل پرسن افگن رضا نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپر چترال کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر جلد عملی کام شروع کیا جائے گا، اور عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کے ذریعے ضروری منصوبوں کی نشاندہی کر کے ان پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس حوالے منعقدہ خصوصی تقریب میں چیئرمین پاور کمیٹی عنایت اللہ، تحصیل صدر مستوج بابر علی، صدر پی ٹی آئی تورکھو موڑکھو منہاج الدین، نائب صدر ظاہر، نائب صدر یوتھ ونگ مسلح الدین، یوتھ رہنما صادق شاہ، عابد علی، اظہر، لائن سپرنٹنڈنٹ فصل حنان سمیت پارٹی عہدیداران، علاقہ عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقامی عوام نے اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو تاریخی اور عوام دوست قدم قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی دیگر علاقوں میں بجلی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔